علمائے کرام اور طلاب ‘جہادِ تبیین’ کے ذریعے قوم کی فکری رہنمائی کریں، علامہ مقصود ڈومکی
علامہ مقصود علی ڈومکی
شیعیت نیوز : جامعہ روحانیت سندھ کے زیر اہتمام حوزہ علمیہ قم کے سالانہ امتحانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلاب کے اعزاز میں حسینیہ غدیر قم المقدسہ میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں علمائے کرام، فضلاء، اساتذہ اور طلاب نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء میں انعامات اور اعزازی اسناد بھی تقسیم کی گئیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مجلسِ وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے صدر علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ حوزہ علمیہ قم سے انقلابِ اسلامی کی صورت میں قرآن و سنت اور اہل بیت (ع) کا پیغام نور بن کر چمکا اور اس نے مستضعفین کو عالمی استکبار امریکہ و اسرائیل کے خلاف بیدار اور متحد کیا۔ انہوں نے کہا کہ رہبر کبیر حضرت امام خمینی (رہ) نے نظام ظلم کے خلاف قیام للہ کا جو راستہ اختیار کیا، دراصل وہی انبیاء اور آئمہ ہدیٰ (ع) کا راستہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں : جامعۃ الکوثر میں انجمن جاں نثارانِ اہل بیتؑ کے وفد کا دورہ، دینی و فلاحی منصوبوں میں اشتراک پر اتفاق
علامہ مقصود علی ڈومکی نے مزید کہا کہ آج علمائے کرام اور طلاب کی بھاری ذمہ داری ہے کہ وہ ‘جہادِ تبیین’ کے ذریعے بالخصوص نوجوان نسل کی فکری و اعتقادی رہنمائی کریں۔ ایسے وقت میں جب رہبرِ مسلمین کفر و طاغوت کے خلاف استقامت سے کھڑے ہیں، علماء کی خاموشی ہرگز شایانِ شان نہیں۔ دشمن اپنے فکری، ثقافتی اور ابلاغی ذرائع سے نوجوانوں کے ذہنوں کو متاثر کر رہا ہے، لہٰذا علماء کو بصیرت، علمی پختگی اور جرأت کے ساتھ حقائق عوام تک پہنچانے ہوں گے۔
انہوں نے پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء، اساتذہ اور جامعہ روحانیت سندھ کی انتظامیہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو ایسے ہی باکردار، باصلاحیت اور خدمتِ خلق کے جذبے سے سرشار مبلغین کی ضرورت ہے۔ تقریب سے حجۃ الاسلام وسیم رضا سبحانی اور حجۃ الاسلام راشد علی چانڈیو نے بھی خطاب کیا اور دیگر طلاب کو کامیاب طلبہ کے نقش قدم پر چلتے ہوئے مزید محنت اور علمی تحقیق کی تلقین کی۔







