مغربی ثقافت نے بے حیائی پھیلا کر خاندانی نظام کو تباہ کیا، امام جمعہ تہران حاج علی اکبری
شیعیت نیوز : حجت الاسلام والمسلمین حاج علی اکبری نے تہران میں نمازِ جمعہ کے خطبوں میں کہا کہ مغربی ثقافت نے بے حیائی اور بے راہ روی کو فروغ دے کر خاندان کے بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچایا ہے، جس کے اثرات اب خود مغربی معاشروں کو بھگتنا پڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی استکبار کا مقصد بے حیائی پھیلا کر معاشروں پر تسلط قائم کرنا ہے کیونکہ خاندان سے محروم معاشرہ بے شناخت افراد پیدا کرتا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ایرانی معاشرے کے خلاف ثقافتی یلغار کا اصل مقصد بھی اسی خاندانی نظام کو کمزور کرنا ہے۔
امام جمعہ تہران نے کہا کہ ایرانی عوام کی قومی مزاحمت خاندانی حصار، باہمی محبت اور عاطفی تعلقات پر استوار ہے، جسے دشمن اپنے مقاصد کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ سمجھتا ہے۔ انقلابِ اسلامی اور دفاعِ مقدس کی کامیابی کو خاندان کا معجزہ قرار دیتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ ماؤں، بیویوں اور نوجوانوں کی وسیع شرکت کے بغیر ایرانی قوم ان کٹھن جنگی مراحل کا ہرگز مقابلہ نہیں کر سکتی تھی۔
یہ بھی پڑھیں : طاقت اور جبر پر مبنی یک قطبی عالمی نظام ختم ہو چکا ہے، محمد باقر قالیباف
ایران کی حالیہ دفاعی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے حاج علی اکبری نے کہا کہ آبنائے ہرمز کا ایرانی انتظام اور باب المندب پر انصاراللہ یمن کا کنٹرول ’’میدانوں کی وحدت‘‘ کے تناظر میں ایک انتہائی اہم واقعہ ہے۔ باب المندب جیسے عالمی توانائی کے اہم راستے پر کنٹرول نے دیگر پیش رفت کے ساتھ مل کر عالمی استکبار پر دباؤ میں شدید اضافہ کیا ہے۔ انہوں نے یمنی افواج، مقامی قبائل اور دیگر قوتوں کے اتحاد کو مزاحمتی محاذ کی وسیع یکجہتی کی علامت قرار دیا۔
حالیہ اجتماعات کو امت کی وحدت اور بصیرت کا مظہر قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ 200 راتوں کے اجتماعات نے رکاوٹیں توڑ کر مجاہدین کے حوصلے بلند کیے اور دشمنوں کو مایوس کیا ہے۔ امام جمعہ تہران نے دشمن کی جانب سے اختلاف پیدا کرنے کی کوششوں بالخصوص اہل سنت کے بعض انقلابی علماء کے قتل کو منظم سازش قرار دیتے ہوئے قومی یکجہتی اور اتحاد کے تحفظ کے لیے مکمل ہوشیاری اور احتیاط پر زور دیا۔







