سعودی عرب اور اسرائیل کے تعلقات بہت جلد معمول پر آ جائیں گے: مائیکل ملکویر
صیہونی حکومت کے سماجی امور کے سابق وزیر مائیکل ملکویر نے کہا ہے کہ بعض افراد کے تصور سے بھی پہلے ریاض اور تل آبیب کے تعلقات معمول پر آجائیں گے۔ واضح رہے کہ مائیکل ملکویر نے حال ہی میں سعودی جنرل کی قیادت میں اسرائیل کا دورہ کرنے والے سعودی عرب کے وفد سے ملاقات کی تھی۔
ملکویر نے یہ بیانات ایک پریس کانفرنس میں دیے اور اس موقع پر عربی زبان میں ان شاء اللہ کے الفاظ بھی استعمال کئے۔ مائیکل ملکویر نے مزید کہا کہ سعودی عرب کے وفد کے دورۂ اسرائیل کے خلاف صرف ایران اور حزب اللہ نے اپنا رد عمل ظاہر کیا جبکہ عرب دنیا نے اس دورے کی حمایت یا مخالفت کے سلسلے میں کوئی خاص موقف اختیار نہیں کیا ہے ۔ صیہونی حکومت کے سابق وزیر کے یہ بیانات سعودی عرب اور اسرائیل کے درمیان خفیہ اور علانیہ تعلقات کی تازہ ترین علامت شمار ہوتے ہیں۔
واضح رہے کہ سعودی جنرل انور عشقی نے دو ہفتے قبل ایک وفد کے ساتھ مقبوضہ فلسطینی علاقوں کا دورہ کیا اور اس موقع پر صیہونی وزارت خارجہ کے عہدیداروں کے ساتھ مذاکرات کئے تھے۔
عرب دنیا کی رائے عامہ نے اس دورے کے خلاف اپنا رد عمل ظاہر کیا تھا۔