ایران

ایران، عراقی و شامی حکومتوں کی درخواست پر مشیروں کی سطح پر ان سے تعاون کرتا ہے-: ڈاکٹر ولایتی

بین الاقوامی امور میں رہبر انقلاب اسلامی کے مشیر ڈاکٹر علی اکبر ولایتی نے کہا ہے کہ ایٹمی معاملے میں ایران کے ہاتھ بندھے نہیں ہیں اور وہ اپنے مفادات کی بنیاد پر عمل کرے گا

بین الاقوامی امور میں رہبر انقلاب اسلامی کے مشیر اور اسٹریٹیجک اسٹڈیز سینٹر کے سربراہ ڈاکٹرعلی اکبر ولایتی نے لبنان کے المیادین ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ مشترکہ جامع ایکشن پلان پرعمل درآمد کے سلسلے میں مغربی ممالک بالخصوص امریکہ کی خلاف ورزیوں کے باوجود اس سلسلے میں ایران کے ہاتھ بندھے نہیں ہیں اور ضرورت پڑنے پروہ اپنے مفادات کے مطابق عمل کرے گا-

ڈاکٹرولایتی نے ترکی میں فوجی بغاوت کے بارے میں کہا کہ ایران نے بغاوت ہوتے ہی اس ملک کی قانونی حکومت کی حمایت کا اعلان کیا کیونکہ ایران ہرطرح کی بغاوت اور تشدد نیز قانونی حکومت اور جمہوریت کے خلاف کارروائی کا مخالف ہے-

انھوں نے کہا کہ دلچسپ بات یہ ہے کہ کچھ ایسے ممالک نے جو بظاہر ترکی کے اتحادی تھے نہ صرف بغاوت کی مذمت نہیں کی بلکہ باغیوں کی کامیابی کے لئے آخری لمحے تک کوشش کرتے رہے یہاں تک کہ جب بغاوت ناکام ہوگئی تو العربیہ ٹی وی نے اعلان کیا کہ افسوس کہ ترکی میں بغاوت ناکام ہوگئی ہے-

ڈاکٹرولایتی نے عراق اور شام کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ عرا ق اور شام میں اور مجموعی طور پرفلوجہ ، حلب ، رقہ اور موصل جیسے علاقوں کی آزادی کے سلسلے میں جو کچھ ہوا ہے اس سے دونوں ملکوں کی حکومتوں کی پوزیشن مضبوط ہوئی ہے اور ایران بھی ان حکومتوں کی اپیل پر، مشیروں کی سطح پر تعاون کرتا ہے-

ڈاکٹرولایتی نے سعودی عرب اور اسرائیل کے سلسلے میں پوچھے گئے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ بڑے افسوس کی بات ہے کہ کعبے کی حفاظت کرنے کے دعوے دار اسلام کے سب سے بڑے دشمن کے سامنے ہاتھ پھیلائیں اور اس سے ہاتھ ملائیں کہ جس نے مسلمانوں سے دشمنی اور ان کی زمینوں پر قبضے کے لئے کسی بھی کوشش سے دریغ نہیں کیا ، اور پھر انھیں سے مسلمانوں کے پیسے سے بم خریدیں اور ان بموں سے یمن کے بچوں کا قتل عام کریں –

انھوں نے امریکہ میں صدارتی انتخابات کے بارے میں کہا کہ ایران کے خلاف پالیسیوں کے سلسلے میں ڈیموکریٹ اورریپبلکن میں کوئی فرق نہیں ہے جیسا کہ ہم دیکھ رہے ہیں کہ ڈیموکریٹ، ایران کے ساتھ ایٹمی سمجھوتے پرعمل کی راہ میں بھی مختلف رکاوٹیں کھڑی کر رہے ہیں-

متعلقہ مضامین

Back to top button