ترک حکومت گرفتار کئے گئے افراد کے خلاف ٹھوس ثبوت پیش کرے
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے ترکی سے کہا ہے کہ ناکام فوجی بغاوت کے بعد جن لوگوں کو اس نے گرفتار کیا ہے ان کے خلاف ٹھوس ثبوت و شواہد پیش کرے۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے ترجمان فرحان حق نے بتایا کہ بان کی مون نے ترک وزیر خارجہ کو ٹیلی فون کر کے ترکی میں ناکام فوجی بغاوت کے بعد ہونے والی بڑے پیمانے پر گرفتاریوں پراپنی تشویش ظاہر کی ہے – بان کی مون نے اس ٹیلی فونی گفتگو میں گرفتار کئے گئے لوگوں سے مبینہ طور پر بدسلوکی کے واقعات پر بھی اپنی تشویش کا اظہارکیا – یہ ایسی حالت میں ہے کہ ترک وزیراعظم بن علی ییلدریم نے اپنے تازہ ترین بیان میں خبردار کیا ہے کہ ناکام فوجی بغاوت کو پوری طرح سے ناکام بنانے کے لئے حکومتی اقدامات ابھی مکمل طور ختم نہیں ہوئے ہیں اور ممکن ہے کہ ابھی کچھ مزید گرفتاریاں عمل میں آئیں – ترکی کے وزیرداخلہ نے بھی اعلان کیا ہے کہ ہزاروں کی تعداد میں ترک فوجی ناکام فوجی بغاوت میں حصہ لینے کے جرم میں گرفتار کئے گئےہیں –