عراق کے صدر گروپ کا امریکا کو سخت انتباہ
عراق کے مذہبی اور سیاسی رہنما مقتدی صدر سے وابستہ سیاسی گروہوں کے اتحاد نے امریکی فوجیوں کے عراق میں دوبارہ داخل ہونے کی بابت سخت خبردار کیا ہے.
عراق میں صدر دھڑے کےترجمان علاء عبود نے عراق کی السومریہ نیوز ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عراق کی فوج اور عوامی رضاکار فورس شمالی عراق کے علاقوں کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرانے کی پوری توانائی رکھتی ہیں- انہوں نے خبردار کیا کہ اگر امریکی فوج عراق میں داخل ہوئی تو اس پر حملہ کر دیا جائےگا –
صدر دھڑے سے وابستہ گروہوں کے ترجمان علاء عبود نے اس بات کا ذکرکرتے ہوئے کہ عراقی گروہ اپنے دس ہزار مسلح جوانوں کی مدد سے موصل شہر کو دہشت گردوں کے وجود سے پاک کرنے کے لئے پوری طرح تیار ہیں, کہا کہ موصل کو آزاد کرانے کے لئے عراق کو امریکی فوج کی ضرورت نہیں ہے-
اس سے پہلے عراق کی بدر تنظیم کے سربراہ ہادی العامری نے بھی امریکی وزیرجنگ کے اس بیان پر کہ واشنگٹن پانچ سو ساٹھ تازہ دم فوجی عراق بھیج رہا ہے, کہا تھا کہ بغداد موصل شہر کو آزاد کرانے کی کارروائیوں میں غیر ملکی فوجیوں کی مداخلت کا مخالف ہے- ان کا کہنا تھا کہ عراقی عوام نے جس طرح سے فلوجہ اور القیارہ کو آزاد کرایا ہے اسی طرح وہ موصل کو بھی داعش کے قبضے سے آزاد کرا لیں گے-








