پاکستان

فلسطین کی سرزمین پر اسرائیل کا ناجائز قبضہ کوئی آزاد انسان قبول نہیں کرسکتا، علامہ ساجد نقوی

شیعیت نیوزـ : امامیہ آرگنائزیشن کے زیراہتمام پی سی لاہور میں سیمینار بعنوان القدس، محور بیداری اسلامی سے خطاب کرتے ہوئے اسلامی تحریک کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے قبلہ اول پر اسرائیلی ناجائز قبضے کی شدید مذمت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اتحاد امت ہی مسلمانوں کی مشکلات کا حل ہے، مشرق وسطٰی کی نازک صورتحال اور فرقہ واریت القدس کی آزادی روکنے کیلئے پیدا کی گئی، مسلم ممالک مشترکہ مسائل پر ایک موقف اختیار کریں تو اسلام کی عظمت و سربلندی کا خواب شرمندہ تعبیر کیا جا سکتا ہے، او آئی سی کو مضبوط کیا جائے اور مشترکہ قیادت کو متعارف کروایا جائے، جو ولی امرالمسلمین آیت اللہ خامنہ ای کی شکل میں موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں امن و امان کے حوالے سے بگڑتے ہوئے حالات کسی بڑے سانحہ کی خبر دے رہے ہیں، دہشتگردوں کی کمر توڑے بغیر امن و امان ممکن نہیں، کراچی میں سکیورٹی اداروں کے الرٹ اور ہر جگہ موجودگی کے دعووں کے باوجود عاشق رسول و اہلبیت قوال امجد صابری کی شہادت اور چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کے صاحبزادے کا اغوا غیر معمولی واقعات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ادارے قومی مفاد کی پالیسی چھوڑ کر آئین اور قانون کی حکمرانی قائم کریں۔

فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے علامہ ساجد علی نقوی نے کہا کہ مسلمانوں کے پاس وسائل موجود ہیں مگر انہیں امت کی بیداری اور تحفظ کیلئے استعمال نہیں کیا جا رہا ہے، جس کی وجہ اتحاد کا فقدان ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام امن و سلامتی کا مذہب ہے، اس کی مختلف مسالک کی تعبیروں کو ہی امت کہا جاتا ہے، اس حوالے سے پاکستان میں دنیا بھر کے مسلمانوں کیلئے اتحاد اسلامی کی قابل تقلید فضا موجود ہے، جس پر عمل کرکے تمام مکاتب فکر کو ایک پلیٹ فارم پر لایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قبلہ اول کی آزادی مسلمانوں کی ناموس اور اسلام کی سربلندی کا مسئلہ ہے، جس کیلئے ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنا ہوگا، بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح نے اسرائیل کو ناجائز ریاست قرار دیا تھا اور پاکستان نے آج تک اسے تسلیم نہیں کیا، جو اس صیہونی ریاست سے سفارتی تعلقات کی باتیں کرتے رہتے ہیں، شاید وہ تاریخ سے آگاہ نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ فلسطین انبیا علیہم السلام کی سرزمین ہے، اس پر اسرائیل کا ناجائز قبضہ کوئی آزاد انسان، غیرت مند مسلمان تسلیم نہیں کرسکتا، آج اسرائیلی درندے فلسطینی ماوں، بہنوں، بیٹیوں اور نوجوانوں پر ظلم کرکے اپنی سیاہ تاریخ لکھ رہے ہیں، لیکن سوچنے کی بات ہے کہ ہماری شرعی ذمہ داری کیا بنتی ہے، ہمیں آگے بڑھنا ہوگا کہ اسرائیلی ہاتھوں کو توڑ سکیں اور فلسطینیوں کو صیہونی زنجیروں سے آزادی دلا سکیں، اس حوالے سے بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی نے جمعۃ الوداع کو عالمی یوم القدس قرار دے کر فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کی بنیاد رکھی، جو آج تک جاری ہے اور فلسطینی ریاست کے قیام اور قبلہ اول کی آزادی تک جاری رہے گی۔ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ یکم جولائی 25 رمضان المبارک کو دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی یوم القدس کی عظیم الشان ریلیاں نکالی جائیں گی، جس کیلئے انہوں نے تنظیموں کو ہدایت جاری کر دی ہیں اور القدس کمیٹی بھی قائم کر دی ہے۔ سیمینار سے علامہ راغب حسین نعیمی، علامہ محمد حسین آزاد، لعل مہدی خان، علامہ محمد افضل حیدری، مولانا احمد اقبال رضوی، علی مہدی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button