پاکستان

فوج دہشتگردوں کے سہولت کاروں اور فتوی ٰ بازوں کیخلاف بھی کارروائی کرے گی،معصوم نقوی

شیعیت نیوز: جمعیت علما پاکستان نیاز ی کے سربراہ قائد اہلسنت پیر سید معصوم حسین نقوی نے جمعیت سیکرٹریٹ کینال ویو لاہور میں مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردوں کیخلاف آپریشن ضرب عضب کامیاب رہا، اس پر پوری قوم افواج پاکستان کی شکر گزار ہے اور امید کرتی ہے کہ دہشتگردوں کے سہولت کاروں اور فتوی ٰ بازوں کیخلاف بھی کارروائی کرے گی، البتہ حکومت نام بدل کرکام کرنیوالی کالعدم تنظیموں کی سرگرمیوں کو روکنے میں مکمل طور پر ناکام رہی ہے، اہلسنت کا غلط طور پر نام استعمال کرنیوالی کالعدم جماعت کی دفاع پاکستان پلیٹ فارم سے عوام میں تشویش پائی جاتی ہے، صوبائی حکومت تو اس کیخلاف کچھ کرتی نظر نہیں آتی، عدلیہ اور فوج کوئی نوٹس لینا چاہیے کیونکہ وزیر قانون رانا ثنا اللہ خاں دہشتگردوں کی سرپرستی کرتے ہیں، سانحہ ماڈل ٹاون کو 2 سال بیت گئے مگر ابھی 14 شہدا کے ورثا کو انصاف نہیں مل سکا۔

جے یو پی کے سربراہ نے کہا کہ دہشت گردوں نے ریاست پاکستان کی جڑوں کو کھوکھلا کر دیا تھا، آئے روز بم دھماکے اور خودکش حملوں کے ذریعے عوام، فوج، پولیس اور تاجر برادری کا جانی اور مالی نقصان کیا جاتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگرد خارجی اور تکفیری ہیں، ان سے کسی قسم کی رعایت کرنا ملکی سلامتی کو داو پر لگانے کے مترادف ہوگا۔ حکومت فاٹا کی آٹھوں ایجنسیوں کو علیحدہ صوبہ بنا دے یا صوبہ خیبر پختونخواہ میں شامل کر دیا جائے، جبکہ عوام کی خوشحالی کیلئے ضروری ہے کہ انہیں روزگار، تعلیم اور سماجی سیاسی سرگرمیوں کے بہتر مواقع فراہم کئے جائیں تاکہ انتہا پسند دہشتگرد دوبارہ ان علاقوں کا رخ نہ کرسکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فوج نے فاٹا کے علاقے کو دہشتگردوں سے پاک کر دیا ہے تو اب سیاسی جماعتوں اور حکومت کا امتحان ہے کہ وہ ان علاقوں کے مکینوں کو قومی دھارے میں لائیں، سیاسی جماعتوں کیلئے ماحول کھولا جائے اور پورے ملک کی طرح انہیں بھی بہتر زندگی گذارنے کی سہولیات فراہم کی جائیں، اس سے ان کے درمیان قومی دھارے میں کردار ادا کرنے کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button