اقوام متحدہ کی جانب سے انصاراللہ یمن کے اقدام کی تعریف
اقوام متحدہ نے پچاس سے زائد قیدیوں کو رہا کر دینے کے تعلق سے یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کے اقدام کی تعریف کی ہے۔
یمن کےامور میں اقوام متحدہ کے نمائندے اسماعیل ولدالشیخ احمد نے صوبہ عمران میں انصاراللہ کے ذریعے ستاون قیدیوں کو رہا کئے جانے کا خیرمقدم کرتے ہوئے سبھی متحارب فریقوں سے اپیل کی ہے کہ وہ قیدیوں کو رہا کر کے امن کے عمل میں تیزی لائیں-
یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کے ترجمان اور یمن سے متعلق کویت امن مذاکرات میں یمنی وفد کے سربراہ محمد عبدالسلام نے اعلان کیا ہے کہ جارح سعودی اتحاد سے وابستہ ستاون قیدیوں کو صوبہ عمران میں رہا کر دیا گیا ہے- ان کا کہنا تھا کہ ایک ایسے وقت میں جب یمنی وفد نے قیدیوں کی رہائی کے بارے میں اپنی نیک نیتی ثابت کر دی ہے تاہم مذاکرات میں شریک سعودی حمایت یافتہ وفد اقوام متحدہ کی بار بار کی درخواستوں کے باوجود یمنی قیدیوں کو رہا کرنے سے گریز کر رہا ہے-
یمن سے متعلق کویت مذاکرات میں شریک یمنی وفد نے یمن کی فوج اورعوامی کمیٹیوں کے چار ہزار قیدیوں کی فہرست اقوام متحدہ اور مقابل فریق کو پیش کی ہے لیکن سعودی حکام اور ان کے اتحادیوں کا کہناہے کہ ان کے پاس یمن کے صرف ایک سو سینتیس قیدی ہیں۔