دنیا

غیرملکی فوجی مداخلت پر شامی حکومت کی برہمی

شام کی وزارت خارجہ کے ایک عہدیدار کا کہنا ہے کہ دمشق نے کوبانی اور منبج علاقوں میں فرانس اور جرمنی کے فوجیوں کی غیر قانونی موجودگی کی مذمت کی ہے- خبروں کے مطابق شامی حکومت نےشام میں دوسرے ملکوں کی فوجی موجودگی کو کھلی مداخلت اور بین الاقوامی قوانین کی کھلم کھلا ورزی قرار دیا ہے –

شامی حکومت نے کہا ہے کہ یہ غیر قانونی فوجی موجودگی شام کی خودمختاری اور اقتدار اعلی کے خلاف ایک ایسا اقدام ہے جس کا کوئی جواز پیش نہیں کیا جا سکتا-

شام کی وزارت خارجہ کے مذکورہ عہدیدار کا کہنا تھا کہ یہ دعوی کہ یہ غیرملکی فوجی دہشت گردوں کا مقابلہ کرنے کے لئے شام میں داخل ہوئے ہیں، کسی صورت میں کسی کو فریب نہیں دے سکتا کیونکہ دہشت گردوں کے خلاف موثر اور قانونی جنگ کا تقاضا یہ ہے کہ شام کی قانونی حکومت کی مدد کی جائے-

واضح رہے کہ منگل کو بعض خبروں میں کہا گیا تھا کہ جرمنی کے کچھ فوجی شامی کردوں کی مدد اور داعش کے خلاف جنگ کے بہانے صوبہ حلب کے شہر منبج پہنچے ہیں جبکہ کچھ فرانسیسی فوجی بھی کوبانی میں داخل ہوئے ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button