عراق

جنرل قاسم سلیمانی عراق میں فوجی مشیر ہیں: عراقی وزیر خارجہ

عراق کے وزیر خارجہ ابراہیم جعفری نے کہا ہے کہ جنرل قاسم سلیمانی عراق میں فوجی مشیر ہیں اور وہ عراقی حکومت کی اجازت اور ویزے کے ساتھ عراق میں داخل ہوئے ہیں۔

عراقی وزارت خارجہ کی ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق عراقی وزیر خارجہ ابراہیم جعفری نے اپنے دورۂ اردن کے موقع پر امان میں ایک پریس کانفرنس کی۔ اس موقع پر ان سے جب یہ سوال پوچھا گیا کہ عراق میں قاسم سلیمانی کی موجودگی سے متعلق بغداد میں تعینات سعودی سفیر کے بیانات کے بارے میں عراقی وزارت خارجہ کا کیا موقف ہے تو انہوں نے کہا کہ سفیروں کے بارے میں ہم یہ کہیں گے کہ وہ بغداد میں ہمارے مہمان ہیں اور ان کو سفارتی آداب کا پتہ ہونا چاہئے، ان کو ملک کے داخلی امور میں مداخلت کی اجازت حاصل نہیں ہے اور جہاں تک قاسم سلیمانی کا تعلق ہے تو وہ عراقی حکومت کے فوجی مشیر ہیں۔

عراقی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ عراق میں فوجی مشیروں کی موجودگی ایک معمول کی بات ہے اور امریکہ، برطانیہ، کینیڈا اور بہت سے ممالک نے، کہ جن سے عراق نے فوجی مشیر بھیجنے کی درخواست کی ہے، عراق میں اپنے فوجی مشیر بھیجے ہیں۔ یہ مشیر عراقی حکومت کی اجازت اور ویزے کے ساتھ عراق میں داخل ہوئے ہیں اور مشاورت پر مبنی اپنے فرض پر عمل کر رہے ہیں۔

ابراہیم جعفری نے مزید کہا کہ ہم اس بات کی اجازت نہیں دیں گے کہ دوسرے ممالک سے نیم فوجی اور فوجی دستے عراق میں داخل ہوں لیکن اگر کوئی فرد اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر فوجی مشیر کے طور پر ہماری مدد کے لئے آتا ہے تو ہم اس کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button