یمن

یمن میں قومی وفاق کی حکومت کی تحویز

یمن کی عوامی انقلابی تحریک انصاراللہ نے امن مذاکرات میں شریک گروہوں کی مشارکت سے قومی وفاق کی حکومت کی تشکیل کی تجویز پیش کی ہے۔

لبنان کے المیادین ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق انصاراللہ کے ترجمان محمد عبدالسلام نے کہا ہے کہ یمن میں قومی وفاق کی حکومت تشکیل پانی چاہئے۔ انھوں نے کہا کہ اس حکومت میں انصاراللہ اور اس کے اتحادیوں سمیت یمن کے تمام سیاسی گروہوں کے نمائندوں کو شامل ہونا چاہئے۔

یمن کی عوامی انقلابی تحریک انصاراللہ کے ترجمان محمد عبدالسلام نے کہا کہ یمن کا مسئلہ فوجی نہیں بلکہ سیاسی ہے ۔ انھوں نے کہا کہ بعض فریق جنگ کے ذریعے دباؤ ڈال کے یمن میں دوبارہ استبدادی حکومت قائم کرنا چاہتے ہیں۔

دوسری جانب یمن سے ملنے والی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ منگل کو صنعا یونیورسٹی میں بم کے ایک دھماکے میں کم سے کم تین افراد جاں بحق اور چار زخمی ہو گئے ۔ بم کا یہ دھماکہ اس وقت ہوا جب یونیورسٹی میں طلبا کا ایک پروگرام جاری تھا۔

قابل ذکر ہے کہ صنعا یونیورسٹی یمن کے ان چند تعلیمی اداروں میں شامل ہے جنھوں نے چودہ مہینے سے جاری سعودی جارحیت کے دوران بھی اپنی سرگرمیاں جاری رکھی ہیں ۔

ادھر سعودی وزارت داخلہ نے یمن کی سرحد پر اپنے ایک فوجی کے ہلاک اور تین کے زخمی ہونے کی خبردی ہے۔ سعودی عرب کی سرکاری خبررساں ایجنسی واس کے مطابق صوبہ جازان میں یمن کی سرحد کے قریب بارودی سرنگ کے دھماکے میں ایک سعودی فوجی ہلاک اور تین زخمی ہوگئے-

متعلقہ مضامین

Back to top button