بغداد کے دہشت گردانہ بم دھماکوں پر حیدر العبادی کا ردعمل
عراق کے وزیر اعظم نے اپنے ملک کے انٹیلی جنس اور سیکورٹی سسٹم میں تبدیلی کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
عراق کے وزیر اعظم جیدر العبادی نے بغداد کے دہشت گردانہ بم دھماکوں پر اپنے سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے تاکید کے ساتھ کہا کہ دہشت گرد گروہوں کا پتہ لگانے کے لئے ہر طرح کی کوششیں بروئے کار لائے جانے کی ضرورت ہے۔ انھوں نے دہشت گردانہ بم دھماکوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عراق کی تمام سیاسی جماعتوں کو چاہئے کہ اپنے اختلافات سے دستبـردار ہو جائیں تاکہ سرکاری ادارے اپنے فرائض صحیح طرح سے انجام دے سکیں۔ حیدر العبادی نے دارالحکومت بغداد میں الشعب اور صدر کے علاقوں میں منگل کو ہونے والے دہشت گردانہ بم دھماکوں کا ذکر کرتے ہوئے تاکید کے ساتھ کہا کہ سیکورٹی کی سخت سے سخت تدابیر اختیار کئے جانے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ ان بم دھماکوں میں ستتّر افراد جاں بحق اور ایک سو چالیس سے زائد دیگر زخمی ہو ئے ہیں جن میں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ عراق میں اقوام متحدہ کے نمائندے جان کوبیش نے بھی ان دھماکوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عراق میں دہشت گردوں نے تشدد کا نیا دور شروع کر دیا۔








