امریکہ اور اسرائیل امت مسلمہ میں انتشار پیدا کرنا چاہتے ہیں، جامعہ عروۃ الوثقیٰ میں وحدتِ امت کانفرنس
شیعیت نیوز : ممتاز دینی درسگاہ جامعہ عروۃ الوثقیٰ اور تحریکِ بیداری امت مصطفیٰ کے زیرِ اہتمام سالانہ وحدتِ امت کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس کی صدارت علامہ سید جواد نقوی نے کی۔ اس کانفرنس کا عنوان ”وحدتِ امت، شہیدِ امت امام خامنہ ای کی نگاہ میں“ تھا اور اس میں سینیٹر سراج الحق، خرم نواز گنڈاپور، مفتی گلزار احمد نعیمی، مفتی منظر الحق تھانوی، پیر نقیب الرحمن، پیر خواجہ عثمان فرید چشتی، پیر شمس الرحمن مشہدی اور پیر ہارون علی گیلانی سمیت دیگر ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ تحریکِ بیداری امت مصطفیٰ علامہ سید جواد نقوی نے کہا کہ شہید آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای کی بصیرت اور ایرانی قوم کی بے مثال جرأت و استقامت نے امریکہ کو ذلت و رسوائی سے دوچار کیا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ امریکہ اور اسرائیل امتِ مسلمہ کے درمیان تفرقہ پیدا کرنے اور رہبرِ معظم کی جدوجہد کے نتیجے میں پیدا ہونے والی وحدت کی فضا کو نقصان پہنچانے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : رسول خداؐ کی سیرت امن، انسانیت اور اتحاد کا پیغام ہے، مدرسہ امام جعفر صادقؑ میں بین المذاہب کانفرنس
اس موقع پر سابق امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ استعماری قوتیں مسلمانوں کو تقسیم کرکے ان کی اجتماعی قوت کو کمزور کرنا چاہتی ہیں، اس لیے امتِ مسلمہ کو دشمن کی ان سازشوں سے ہوشیار رہنا ہوگا۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ مسلمان قوم بیدار ہے اور رہبرِ معظم کی جانب سے اتحادِ امت کا جو پیغام دیا گیا ہے، اسے پوری قوت کے ساتھ جاری رکھتے ہوئے وحدت کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا۔
کانفرنس کے دوران شہید امام سید علی خامنہ ای کی فکر و بصیرت کی روشنی میں وحدتِ امت کی اہمیت کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا گیا۔ شرکاء اور مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ امتِ مسلمہ کو درپیش موجودہ چیلنجز کا مقابلہ صرف اتحاد، اخوت اور باہمی یکجہتی کے ذریعے ہی کیا جا سکتا ہے اور تمام مکاتبِ فکر کے درمیان اتفاق وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔







