امریکی سعودی جارحیت کے خلاف یمنی عوام کا مارچ
یمن کی اعلی انقلابی کمیٹی نے ایک بیان میں یمنی عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ جمعے کی شام وسیع پیمانے پر مظاہرہ کرتے ہوئے امریکی سعودی جارحیت کے خلاف اپنے احتجاج کا سلسلہ جاری رکھیں۔ اس بیان میں مظاہرے میں عوام کی وسیع شرکت کو جارحین کا مقابلہ جاری رکھنے کی علامت قرار دیتے ہوئے تاکید کے ساتھ اعلان کیا گیا ہے کہ یمنی عوام کا یہ مظاہرہ، جارحین کے مقابلے میں یمن کی تمام قومی و عوامی رضاکار فورسز میں اتحاد کے استحکام، ملکی عزت و وقار اور ارضی سالمیت کے دفاع نیز قومی یکجہتی کی مضبوطی کا باعث بنے گا۔ واضح رہے کہ یمن پر سعودی جارحیت کے آغاز کے بعد گذشتہ دنوں پہلی بار امریکی فوجی، جنوبی یمن میں داخل ہوئے ہیں۔ سعودی عرب نے عرب اتحاد تشکیل دے کر امریکہ کی حمایت سے یمن میں اس ملک کے مستعفی صدر منصور ہادی کو اقتدار میں لانے کی غرض سے گذشتہ سال چھبّیس مارچ سے حملے شروع کئے، جن میں عورتوں اور بچوں سمیت ہزاروں یمنی شہری شہید و زخمی اور دسیوں ہزار دیگر بے گھر ہوئے اور اسّی فیصد بنیادی تنصیبات تباہ ہوگئیں۔