یمن

یمن کے مذاکرات وفد کی کویت کے وزیر خارجہ سے ملاقات

 یمن کے قومی مذاکرات وفد کے سینیئر اراکین عارف الزوکا اور یمن کی عوامی انقلابی تحریک انصاراللہ کے ترجمان محمد عبدالسلام نے کویت کے وزیر خارجہ شیخ صباح خالد حمد الصباح سے ملاقات میں امن مذاکرات کی راہ میں پائی جانے والی رکاوٹوں کے بارے میں گفتگو کی۔ اس ملاقات میں کویت کے وزیر خارجہ نے یمن کے امن مذاکرات کی کامیابی کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک، یمن میں جنگ بندی کو مستحکم بنانے کی کوشش کرے گا۔ شیخ صباح خالد حمد الصباح نے یمن کے موجودہ بحران سے باہر نکلنے کے لئے سیاسی راہ حل پر کویت کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بحران یمن کو صرف سیاسی طریقے سے ہی حل کیا جا سکتا ہے۔ اس ملاقات میں یمن کے قومی وفد کے اراکین نے بھی کہا کہ بحران یمن کو صرف سیاسی طریقے سے اور مفاہمت کی بنیاد پر ایک عبوری حکومت کی تشکیل سے حل کیا جاسکتا ہے۔ یمنی وفد کے ان اراکین نے یمن کے مختلف شہروں پر سعودی اتحاد کے جارحانہ حملوں کی شدید مذمت کی اور تاکید کے ساتھ کہا کہ یمن کے امن مذاکرات کے نتیجہ خیز ثابت نہ ہوپانے کی ایک اہم وجہ، سعودی عرب کی جانب سے جنگ بندی کی جاری خلاف ورزی ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button