ملک میں جمہوریت نہیں ہے بلکہ مخصوص سرمایہ دار ٹولے کی بادشاہت ہے علامہ ناصر عباس جعفری
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے مرکزی سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس ملک میں جمہوریت نہیں ہے بلکہ مخصوص سرمایہ دار ٹولے کی بادشاہت ہے۔انہوں نے کہا کہ جب قومی اسمبلی کی ایک نشست کاالیکشن لڑنے کے لیے جو امیدوار ایک ارب روپے خرچ کرتا ہے اس کا مقصد عوام کی خدمت کرنا نہیں بلکہ حکومتی نظام کا حصہ بن کر اپنے سرمایہ میں اضافہ کرنا ہے۔یہی عناصر بعد میں آف شور کمپنیوں ، ٹیکس چوری اوردیگر غیر قانونی ذرائعوں سے مال سمیٹنے میں مصروف ہو جاتیں ہیں۔ اپنی اہلیت کی بجائے سرمایہ خرچ کر کے پارلیمنٹ تک پہنچنا آئین پاکستان سے انحراف ہے۔اسی عمل نے نیک و صالح قیادت کو پارلیمنٹ سے دور کر رکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت خوف اور لالچ کا شکار ہے جس کے باعث اس سے حماقتیں سرزد ہو رہی ہیں اور یہی موجودہ حکومت کے زوال کی علامت ہیں۔لیہ میں طبی سہولتوں کے ناپید ہونے کے باعث کتنی معصوم جانیں موت کے منہ میں چلی گئیں ۔اس وقت ضروری تھا کہ وزیر اعظم لیہ میں جا کر دکھی خاندانوں سے اظہار ہمدردی کرتے لیکن وہ افتتاح کرنے مانسہرہ پہنچ گئے۔ انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس پر حکومت کی طرف سے آئیں بائیں شائیں جرم کا واضح اقرار ہے۔یہ امر مضحکہ خیز ہے کہ جس پر الزامات لگائے گئے ہیں وہی ٹی او آرز طے کرنے جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ ملک کا ایک مضبوط اور با اختیار ادارہ ہے ۔وزیر اعظم کو چاہیے کہ پانامہ لیکس کے حوالے سے وہ اپنے آپ کو پارلیمنٹ کے سامنے پش کریں۔ترقیاتی کاموں کی آڑ میں حکومت جرائم پر پردہ ڈالنے کی کوششیں اب حکومت کے لیے بے سود ثابت ہوں گی۔قوم کرپٹ حکومت سے جان چھڑانے کا تہیہ کر چکی ہے۔ بدعنوان عناصر کااحتساب ہر حال میں ہو کر رہے گا۔