عراق

عراقی پارلیمنٹ نے وزیراعظم کی کابینہ کو آخرکار اعتماد کا ووٹ دے دیا

عراقی پارلیمنٹ کے اراکین نے  وزیراعظم حیدر العبادی کی مجوزہ کابینہ کو اعتماد کا ووٹ دے کر دھرنا دینے والے اراکین کے کیے گئے فیصلوں کو کالعدم قرار دینے کا اعلان کر دیا۔

عراقی پارلیمنٹ نے وفا جعفر کو وزیر محنت، حسن الجنابی کو وزیر پانی اور علاء غنی کو وزیر صحت کے عنوان سے اعتماد کا ووٹ دیا۔

عراقی پارلیمنٹ نے اسی طرح علاء دشر کو وزیر بجلی اور عبدالرزاق العیسی کو اعلی تعلیم کے وزیر کے طور پر اعتماد کا ووٹ دیا۔ جبکہ عراقی پارلیمنٹ نے وزیر خارجہ ابراہیم جعفری کا استعفی قبول نہیں کیا۔

عراقی پارلیمنٹ نے اسی طرح اتفاق رائے سے دھرنا دینے والے اراکین کے کیے گئے اقدامات کو کالعدم قرار دے دیا۔

وزیراعظم حیدر العبادی نے بھی پارلیمنٹ کو موجودہ وزراء کو برطرف کرنے اور نئے وزراء کو اعتماد کا ووٹ دینے کی درخواست پیش کی۔

عراقی پارلیمنٹ کا اجلاس منگل کے روز وزیراعظم حیدر العبادی کی شرکت سے کورم پورا ہونے پر منعقد ہوا جس میں ایک سو ستر سے زائد ارکان پارلیمنٹ نے شرکت کی۔

سلیم الجبوری نے اعلان کیا ہے کہ عراقی وزیراعظم کے ساتھ یہ طے پایا ہے کہ آج حیدر العبادی کی مجوزہ کابینہ کو اعتماد کا ووٹ دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ بعض ارکان پارلیمنٹ کے دھرنے، ہنگامہ آرائی اور کشیدہ صورت حال کے بعد وزیراعظم حیدر العبادی پارلیمنٹ ہال چھوڑ کر دوسرے ہال میں جانے پر مجبور ہو گئے۔ دھرنا دینے والے اراکین کی طرف سے ہنگامہ آرائی کے بعد ووٹنگ کے لیے اجلاس پارلیمنٹ کے بڑے ہال میں منعقد کیا گیا اور دھرنا دینے والے ارکان کو اس میں شرکت کرنے سے روک دیا گیا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button