شہری علاقوں میں دہشتگردی کے سلیپرز سیلز پکڑنے میں ایجنسیوں کا کردار قابل تعریف ہے، آرمی چیف
شیعیت نیوز : پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ ملک بھر سے شدت پسندی‘ دہشتگردی اور دہشتگردوں کی پناہ گاہوں کے خاتمے تک آپریشنز جاری رکھے جائیں گے، قبائلی علاقوں میں عارضی بے گھر افراد کی مقررہ مدت کے اندر باوقار انداز میں واپسی یقینی بنانے کیلئے کام کی رفتار مزید تیز کی جائے،آباد کاری کا عمل مکمل ہونے تک فوج علاقے میں موجود رہے گی ، شہری علاقوں میں دہشت گردوں کے سیلپرز سیلز پکڑنے میں انٹیلی جنس ایجنسیوں کا کردار قابل تعریف ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف نے منگل کو شمالی وزیرستان ایجنسی کا دورہ کیا اور آپریشن میں مصروف فوجیوں اور قبائلی عمائدین کے ساتھ دن گزارا۔ انہوں نے اس موقع پر میرانشاہ میں نوجوانوں کیلئے یونس خان اسپورٹس کمپلیکس کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔ کرکٹر یونس خان بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ آرمی چیف کو فارمیشن کمانڈر کی جانب سے جاری آپریشن ضرب عضب‘ عارضی بے گھر افراد کی واپسی اور علاقہ میں فوج کی جانب سے شروع کئے گئے ترقیاتی اور بے گھر افراد کی دوبارہ آباد کاری کے کاموں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ جنرل راحیل شریف نے آپریشن کے آخری مرحلے میں 650مربع کلو میٹر کا علاقہ کلیئر کرانے پر سکیورٹی فورسز کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے شوال میں جاری آپریشن کے اختتامی مرحلے کی پیشرفت پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔ ان کامیابیوں کو سراہتے ہوئے پاک فوج کے سربراہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک بھر سے انتہاء پسندی‘ دہشتگردی اور دہشتگردوں کی پناہ گاہوں کے خاتمے تک آپریشن جاری رکھے جائیں گے۔ انہوں نے ملک کے شہری علاقوں میں دہشتگردوں کے سلیپرز سیلز کے خاتمے کیلئے انٹیلی جنس ایجنسیوں کے کردار کو خاص طور پر سراہا۔ اس موقع پر فوجیوں سے گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف نے افسروں اور جوانوں کے حوصلے اور قربانی کے جذبے کو سراہا جس کا مظاہرہ ان کی جانب سے شوال آپریشن کے دوران سخت موسمی حالات اور مشکل ماحول میں کیا گیا۔ آرمی چیف کو اس موقع پر بحالی کے سلسلہ میں جاری کاموں اور علاقہ کی سماجی اقتصادی صورتحال پر اس کے اثرات کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔ جنرل راحیل شریف نے بحالی کے کاموں کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ عارضی بے گھر افراد کی مقررہ مدت کے اندر باوقار انداز میں واپسی یقینی بنانے کیلئے کام کی رفتار مزید تیز کی جائے








