یمن

یمن کے مختلف علاقوں پر سعودی لڑاکا طیاروں کی بمباری کا سلسلہ جاری ہے۔

یمن کے المسیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں نے پیر کی صبح صوبہ تعز کے شہر ذباب، صوبہ حدیدہ میں الضحی فوجی چھاؤنی اور دارالحکومت صنعا کے علاقے ضبوعہ پر بمباری کی۔ جس کے نتیجے میں متعدد یمنی شہری شہید ہوگئے اور دسیوں سرکاری اور رہائشی عمارتیں منہدم ہوگئیں۔

سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں نے یمن کی بنیادی تنصیبات پر حملہ کر کے صوبہ مارب میں واقع سقام نامی ڈیم کو نقصان پہنچایا ہے۔

سعودی عرب کے ان حملوں کے خلاف جوابی کارروائی کرتے ہوئے یمن کی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے سعودی عرب کے صوبہ عسیر میں واقع خمیس مشیط نامی ایئر بیس پر دو بیلسٹک میزائل داغے۔ موصولہ رپورٹ کے مطابق اس حملے میں یہ ایئربیس مکمل طور پر تباہ ہوگئی ہے۔

دوسری جانب یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ نے اس تحریک کے سربراہ محمد علی الحوثی کے زخمی ہونے کی تردید کی ہے اور کہا ہے کہ محمد علی الحوثی صحیح و سالم ہیں۔ یمن کے حدیدہ شہر میں واقع تحریک انصاراللہ کی سیاسی کونسل کے ہیڈکوارٹر پر بمباری کے بعد بعض عرب ذرائع ابلاغ نے تحریک انصاراللہ کے سربراہ محمد علی الحوثی کے زخمی ہونے کی خبر دی تھی۔

سعودی عرب نے خطے کے نو عرب ممالک کے اتحاد کے ساتھ مارچ سنہ دو ہزار پندرہ سے یمن کے مختلف علاقوں پر حملوں کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے اب تک ان حملوں میں آٹھ ہزار سے زیادہ افراد شہید اور زخمی ہوچکے ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button