پاکستان

سیّدہ زینب کے مزار پر خودکش دھماکہ عالم اسلام کیلئے لمحہ فکریہ ہے، صاحبزادہ حامد رضا

لاہور میں مفتی حسیب قادری کی رہائش گاہ پر علماء کے اجلاس سے خطاب میں سُنّی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ عزیر بلوچ کے انکشافات نے معزز چوروں کو بے نقاب کر دیا ہے، سیاست اور جرم کا گٹھ جوڑ توڑنے کیلئے جرأت مندانہ اقدامات کی ضرورت ہے، اورنج ٹرین سے لاہور بدل نہیں رہا بگڑ رہا ہے، اپوزیشن کا گرینڈ الائنس نہ بنا تو حکومت من مانیاں کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی اور کرپشن کے خاتمے کیلئے پوری قوم متحد ہوجائے۔ مسلم اُمہ دہشتگردی کے نرغے میں ہے، سیّدہ زینبؓ کے مزار پر خودکش دھماکہ عالم اسلام کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پٹرول کی قیمت 40 روپے فی لٹر مقرر کی جائے، پٹرولیم مصنوعات کے نرخ عالمی مارکیٹ کے تناسب سے کم نہ کرکے حکومت عوام دشمنی کا مظاہرہ کر رہی ہے، تاجر اور سوداگر حکمران ملک و قوم پر بوجھ بن چکے ہیں، جنرل راحیل شریف براہ راست سیاست میں آئے بغیر سیاست کو راہ راست پر لے آئیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی سیاست اشرافیہ اور مافیا کے نرغے میں ہے، عزیر بلوچ کو لوٹ مار اور قتل و غارت کیلئے استعمال کرنیوالوں کو عبرت کا نشان بنایا جائے، سیاست کا گند صاف نہ کیا گیا تو قوم کا سیاست دانوں پر اعتبار اور جمہوریت پر اعتماد ختم ہو جائے گا، مک مکا کی سیاست کو دفن کرنے کی ضرورت ہے۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ دہشت گردی اور کرپشن کے معاملے میں زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی جائے، ایف بی آر میں سالانہ 25 سو ارب روپے کی کرپشن ہو رہی ہے، پی آئی اے کا بحران افہام و تفہیم سے حل کیا جائے، جنرل راحیل شریف ریٹائرمنٹ سے پہلے قوم کو دہشتگردی اور کرپشن کے خاتمے کا تحفہ دیں، ملک کو صالحیت اور صلاحیت والے حکمرانوں کی ضرورت ہے۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ احتساب کا موثر نظام نہ بننا قومی المیہ ہے، نیب کو خود مختار ادارہ بنایا جائے۔ اجلاس میں صاحبزادہ معاذ المصطفٰی قادری، پیر سیّد محمد شاہ ہمدانی، راؤ حسیب احمد، حاجی رانا شرافت علی قادری، مولانا محمد اکبر نقشبندی، مولانا غلام سرور حیدری، مفتی محمد حسین صدیقی، صاحبزادہ مطلوب رضا اور دیگر نے شرکت کی

متعلقہ مضامین

Back to top button