عراق: فوج نے صوبہ الانبار کے بعض علاقے آزاد کرا لئے
عراقی فوجیوں نے صوبہ الانبار کے مغرب میں واقع حدیثہ ضلع کے السکران علاقے میں دہشت گرد گروہ داعش کے عناصر کے ساتھ جھڑپ کے بعد اس علاقے کو آزاد کرالیا۔ السکران کے علاقے میں فوج کے آپریشن میں متعدد دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں۔ عراق کی فوج نے مزید کہا ہے کہ اس نے حدیثہ کے شمال میں واقع الشاعی نامی علاقے کو بھی آزاد کرا لیا ہے۔ عراق کی مشترکہ آپریشنل کمان نے کہا ہے کہ رمادی میں سیکورٹی ادارے کی عمارت کو بھی دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرا لیا گیا ہے۔
دوسری جانب عراق کی مشترکہ آپریشنل کمان نے پیر کے دن ایک بیان میں رمادی کے مشرق میں واقع الصوفیہ اور السیجاریہ علاقوں کے باشندوں سے کہا ہے کہ وہ اڑتالیس گھنٹوں کے اندر اندر ان علاقوں سے چلے جائیں۔ ڈیڈ لائن دینے کے معنی یہ ہیں کہ اس علاقے میں آئندہ چند دنوں کے دوران اہم فوجی اقدامات انجام پانے والے ہیں۔
دہشت گرد گروہ داعش حتی رمادی کے مضافات میں اپنی موجودگی برقرار رکھنے کے لئے پوری کوشش کر رہا ہے لیکن عراقی فوج نے اپنے ملک کی سرزمین کو داعش کے دہشت گردوں سے پاک کرنے کا پختہ عزم کر رکھا ہے۔