24 نومبر کا لانگ مارچ دہشتگردی کیخلاف عوامی ریفرنڈم ہوگا، علامہ مقصود علی ڈومکی
شہداء کمیٹی جیکب آباد کے زیر اہتمام مرکزی امامبارگاہ میں آل پارٹیز امن کانفرنس کا اہتمام کیا گیا۔ اے پی سی کی صدارت شہداء کمیٹی کے چیئرمین علامہ مقصود علی ڈومکی نے کی، جبکہ کانفرنس سے جماعت اسلامی کے رہنماء دیدار علی لاشاری، پیپلز پارٹی شہید بھٹو کے رہنماء احمد علی کھوسو، سندھ ترقی پسند پارٹی کے رہنماء عبدالستار جاگیرانی، مسیحی رہنماء پاسٹر شارون یوسف، سکھ رہنماء سردار جواہر سنگھ، اصغریہ آرگنائزیشن کے رہنماء فرزند علی لغاری، مجلس وحدت مسلمین کے رہنماء شاہد جوادی، تین شہداء کے وارث امام بخش لاشاری، شیعہ علماء کونسل کے رہنماء سید مظہر علی شاہ نقوی، جاموٹ قومی موومنٹ کے رہنماء حبیب اللہ لاشاری، سول سوسائٹی کے نمائندے جان اوڈھانو، ندیم احمد رہنما رواداری تحریک، وسیم لطیف مہر، سید الطاف حسین شاہ، سید گلزار علی شاہ، بشیر احمد سومرو و دیگر نے خطاب کیا۔ اس موقع پر آل پارٹیز امن کانفرنس کے شرکاء نے سانحہ شب عاشوراء کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے دہشت گردی کے اڈوں اور سہولت کاروں کے خلاف بھرپور آپریشن کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے حکومت اور انتظامیہ کی مجرمانہ غفلت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے وارثان شہداء کمیٹی کو لانگ مارچ اور احتجاجی تحریک کے حوالے سے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔
اس موقع پر آل پارٹیز امن کانفرنس سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے چیئرمین وارثان شہداء کمیٹی علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ 24 نومبر کو وارثان شہداء کا لانگ مارچ دہشت گردی کے خلاف عوامی ریفرنڈم ہوگا۔ سندھ کی سیاسی، سماجی اور قوم پرست جماعتیں، مختلف مکاتب فکر، مسالک اور مذاہب کے رہنماء دہشتگردی کے خلاف جدوجہد میں ہمارے ساتھ ہوں گے۔ نواز حکومت کے دہشت گردوں سے تعلقات ہیں، جبکہ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت نے وارثان شہداء سے عہد شکنی کی ہے۔ نواز لیگ کے وفاقی حکمران ابھی تک شہداء کی تعزیت کیلئے بھی نہ آئے۔ انہوں نے سندھ، بلوچستان کے عوام اور وارثان شہداء کو منفی میسج دیا ہے۔ جنرل راحیل شریف سندھ، بلوچستان میں دہشت گردی کے اڈوں کے خلاف آپریشن ضرب عضب کا اعلان کریں۔ وفاقی اور صوبائی حکومتیں نیشنل ایکشن پلان میں سنجیدہ نہیں۔ لانگ مارچ میں معصوم بچے، خواتین اور بزرگ سبھی شامل ہوں گے۔ اے پی سی سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے رہنماء دیدار علی لاشاری نے کہا کہ جیکب آباد سانحے میں ملوث دہشت گردوں کا خاتمہ ضروری ہے۔ ہم وارثان شہداء کے ہر مرحلے پر ساتھ ہیں۔ سول سوسائٹی کے رہنماء جان اوڈھانو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سول سوسائٹی نے بلوچستان اور پنجاب کی گذر گاہوں سے آنے والے دہشتگردوں کی نشاندہی کی ہے۔ اس موقع پر سید مظہر علی نقوی نے کہا کہ شکارپور، جیکب آباد اور نصیرآباد ڈویژن میں بھرپور آپریشن کیا جائے اور پولیس کے ہاتھوں شہید ہونے والے محمد شریف جتوئی کے قتل کی ایف آئی آر سابق ایس پی و دیگر کے خلاف درج کی جائے اور مجرموں کو سزا دی جائے۔