مشرق وسطی

شامی فوج کی دہشت گردوں کے خلاف کامیابیوں کا سلسلہ جاری

دمشق میں عسکری ذرائع نے بتایا ہے کہ شامی فوج نے حلب دمشق انٹرنیشنل ہائی وے پر تل ممو اور عزیزہ نامی علاقوں کو آزاد کرانے کے بعد اس سیکٹر پر ٹریفک بحال کر دیا ہے۔ اس کارروائی میں درجنوں دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔

شامی فوج نے ایک اور کارروائی کے دوران حلب کے مشرقی نواحی علاقے میں دہشت گردوں پر حملہ کر کے ان کی متعدد گاڑیوں اور ہتھیاروں کو تباہ کر دیا۔ حلب کے نواحی علاقے خلصہ میں شامی فوج اور عوامی رضاکاروں کی ایک مشترکہ کارروائی کے دوران القاعدہ سے وابستہ دہشت گرد گروہ جبہت النصرہ کے متعدد عناصر ہلاک ہو گئے۔

مذکورہ دہشت گرد گروہ نے شام میں جاری لڑائی کے دوران اپنے ایک سرغنہ ابو عمیر الانصاری کے مارے جانے کا اعتراف کیا ہے۔ شامی فوج نے ہفتے کی شام حما اور ادلب کے نواحی علاقوں میں حملہ کر کے انتالیس دہشت گردوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔

حما ہی کے علاقے تل عثمان میں شامی فوج کےحملے میں دہشتگردوں کی اسلحہ اور گولہ بارود سے لدی پانچ گاڑیاں بھی تباہ ہو گئیں۔ ایک اور اطلاع کے مطابق حما کے نواحی علاقے میں شامی فوج کے حملے میں جبہت الشامیہ نامی دہشت گروہ کے کم سے کم تیرہ عناصر ہلاک ہو گئے ہیں۔

شامی فوج نے ادلب کے جنوبی علاقے خان شیخون میں ایک کاررو ائی کے دوران دہشت گرد گروہ جند الاقصی کے ایک بڑے اڈے کو تہس نہس کر دیا ہے۔

دوسری جانب دمشق کے علاقے العدوی پر دہشت گردوں کے راکٹ حملے میں ایک بچے سمیت چار افراد زخمی ہو گئے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button