حکومت زلزلہ متاثرین کی فی الفور امداد کرے، علامہ ساجد نقوی
شیعہ علما کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے افغانستان، بھارت، کشمیر، تاجکستان اور کرغستان میں شدید زلزلے میں ہونے والے قیمتی جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک زلزلے کے بعد متاثرہ علاقوں سے نقصانات کی جو تفصیلات سامنے آرہی ہیں، انتہائی افسوسناک ہیں۔ راولپنڈی سے جاری ہونے والے بیان میں علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ ملک میں آنیوالے بدترین زلزلے کے نقصانات کا فوری تخمینہ لگایا جائے اور متاثرہ علاقوں میں جلد از جلد امدادی کارروائیاں شروع کی جائیں۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ ناگہانی آفت میں عوام بھی متاثرہ بھائیوں کی داد رسی کےلئے آگے آئیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وفاقی و صوبائی حکومتیں فی الفور متاثرین کی امداد کیلئے ہنگامی اقدامات کریں۔ انہوں نے جاری امدادی سرگرمیاں بھی مزید تیز کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے زلزلے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے مرحومین کیلئے درجات کی بلندی جبکہ زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔







