یمن میں متحدہ عرب امارات کا اعلی فوجی کمانڈر ہلاک
یمنی ذرائع کے مطابق یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے صوبہ مارب میں ایک کاروائی کے دوران متحدہ عرب امارات کی سریع الحرکت فورس کا کمانڈر کرنل سعدالکعبی کو ہلاک کردیا ہے۔ اس حملے میں اس کی زیرکمان کام کر نے والے متحدہ عرب امارات کے متعدد فوجی بھی ہلا ک ہوگئے ہیں۔ یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے صوبہ مارب کے علاقے حدید ڈیم کو بھی اپنے کنٹرول میں لے لیا ہے۔ متحدہ عرب امارات کا یہ اعلی فوجی کمانڈر ا یسے وقت میں ہلاک ہوا ہے جب اس ملک کے عوام یمن سے اپنے فوجیوں کو واپس بلانے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ اس رپورٹ کے مطابق اس وقت متحدہ عرب امارات کے پندرہ سو فوجی یمن میں موجود ہیں۔ سعودی عرب نے چھبیس مارچ سے یمن پر جارحیت کا آغاز کیا تھا جس کا مقصد اس ملک کے سابق اور مفرور صدر منصور ہادی کو دوبارہ اقتدار میں لانا تھا۔اقوام متحدہ کی اجازت کے بغیر جاری اس جارحیت میں اب تک ہزاروں یمنی شہری شہید اور زخمی ہوچکے ہیں جبکہ اس عرب اور اسلامی ملک کی بنیادی تنصیبات کو زبردست نقصان پہنچا ہے۔