مشرق وسطی

آل سعود کے خلاف بحرینی عوام کا مظاہرہ

منامہ پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق بحرین کے بوری سٹی کے باشندوں نے اتوار کے دن سانحہ منی میں جاں بحق ہونے حجاج کے اہل خانہ کے ساتھ اظہار یکجہتی اور حج کے امور میں آل سعود حکومت کی غیر ذمےداری کے خلاف مظاہرہ کیا۔

مظاہرین نے حجاج کرام کو تحفظ فراہم نہ کرنے کی بنا پر آل سعود حکومت کے خلاف نعرے لگائے اور کہا کہ سانحہ منی اور کرین حادثے سے حج کے انتظامات کرنے کے سلسلے میں اس حکومت کی نا اہلی سب پر عیاں ہوگئی ہے۔
اس مظاہرے کی اپیل جوانوں کے چودہ فروری انقلاب نامی اتحاد نے دی تھی اور یہ مظاہرہ "حرمین شریفین کو نجات دلاؤ” کے نام سے کیا گیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ جمعرات کے دن عید الاضحی کے موقع پر رمی جمرات کے دوران المناک سانحہ پیش آیا جس کے نتیجے میں اب تک کی اطلاعات کے مطابق تقریبا دو ہزار حجاج جاں بحق اور ایک ہزار پانچ سو سے زیادہ زخمی اور لاپتہ ہو چکے ہیں۔
حج کے انتظامات کرنے اور حرمین شریفین کے امور چلانے کے سلسلے میں آل سعود کی نا اہلی، سعودی عرب کے وزیر دفاع اور اس ملک کے ولیعہد کے جانشین محمد بن سلمان کا قافلہ گزرنے اور حجاج کرام کے داخلے کے دروازوں کے بند کئے جانے کو اس المناک سانحے کے اہم اسباب قرار دیا گیا ہے۔
بعض مسلمان شخصیات نے تاکید کی ہے کہ جن ممالک کے زیادہ حجاج کرام اس سانحے میں جاں بحق ہوئے ہیں ان کو اس سانحے کے بارے میں کی جانے والی تحقیقات میں شامل کیا جانا چاہئے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button