مقبوضہ فلسطین

صیہونیوں کی ایک اور شرانگیزی، مسجد ابراہیمی میں رقص و موسیقی کی محفل سجا ڈالی

صیہونی شرپسندوں نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے میں مسلمانوں کے تاریخی مذہبی مقام مسجد الابراہیمی میں داخل ہو کر نہ صرف اس کی بے حرمتی کی بلکہ رقص اور موسیقی کی محفل بھی منعقد کر ڈالی۔ مقامی ذرائع نے مرکز اطلاعات فلسطین کو بتایا کہ یہودی آباد کاروں کی بڑی تعداد نے مسجد ابراہیمی میں داخل ہو کر تلمودی تعلیمات کے مطابق مذہبی رسومات ادا کیں۔ اس موقع پر صیہونی فوج اور پولیس نے یہودی آباد کاروں کو فول پروف سکیورٹی مہیا کر رکھی تھی اور فلسطینیوں کو مسجد میں داخل ہونے سے روک دیا گیا تھا۔ مذہبی رسومات کی ادائیگی کے بعد صیہونیوں نے مسجد میں محفل موسیقی کا انعقاد کیا، جس میں پہلی بار ایک یہودی گلوکارہ کو بھی شریک کیا گیا۔
مسجد ابراہیمی میں صیہونی شرپسندوں کی جانب سے محفل موسیقی کا انعقاد پہلی بار نہیں کیا گیا، تاہم کسی خاتون کی ایسی تقریب میں شرکت کا یہ پہلا موقع ہے۔ صیہونی آباد کار مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو مشتعل کرنے کے لئے اس نوعیت کی متنازع تقریبات اکثر و بیشتر منعقد کرتے رہتے ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button