یمن کے اکثر عوام طبی خدمات سے محروم
خبر رساں ایجنسی نے یمن کے نائب وزیر صحت و آبادی غازی اسماعیل کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کی جارحیت کے نتیجے میں یمن کا طبی خدمات کا نیٹ ورک تباہ ہو گیا ہے اور یمن کے اکثر عوام طبی خدمات سے محروم ہو گئے ہیں- غازی اسماعیل نے کہا کہ یمن کے عوام کی ایک مشکل یہ ہے کہ بعض دوائیں ختم ہو گئی ہیں اور بعض دوائیں ختم ہونے والی ہیں نیز ایک اور مشکل یہ ہے کہ لڑائی جاری رہنے کی وجہ سے بعض صوبوں میں دوائیں پہنچانے کا کام بہت دشوار ہو گیا ہے- یمن کے نائب وزیر صحت و آبادی غازی اسماعیل نے کہا کہ یمن سے غیرملکی ڈاکٹروں کے چلے جانے اور مریضوں کے لئے درکار خون کے نہ ہونے نیز آپریشن تھیٹروں کی تعداد میں کمی سے عوام کی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے- ان کا کہنا تھاکہ آئی سی یو شعبوں کی کمی کی وجہ سے بیمار یا زخمی افراد موت کے منہ میں جا رہے ہیں اور بین الاقوامی ادارے بھی اس سلسلے میں کوئی مدد نہیں کر رہے ہیں- انہوں نے کہا کہ کئی اسپتال بند ہو چکے ہیں اور کئی دیگر اسپتال ایندھن کی کمی کی وجہ سے بند ہونے والے ہیں-