الطاف حسین کیخلاف کارروائی نہ ہونا حکومتی نااہلی ہے، صاحبزادہ حامد رضا
جماعت اہلسنت کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ محمد حامد رضا نے کہا ہے کہ افغان صدر کے پاکستان پر بے جا الزامات جھوٹ کا پلندہ ہیں۔ افغان حکومت پاکستان پر الزام تراشی کا رویہ چھوڑ دے۔ قصور کے واقعہ میں ملوث سیاستدانوں کی اسمبلی رکنیت ختم کی جائے۔ قصور کے ڈی پی او کو معطل کر کے ضلع بدر کیا جائے۔ انصاف کی فراہمی حکمرانوں کی ترجیح نہیں۔ قصور واقعہ کا مقدمہ فوجی عدالت میں بھیجا جائے۔ بلدیاتی انتخابات میں تاخیر کیلئے روایتی حربے استعمال کیے جا رہے ہیں۔ مسلم لیگ ن کے امیدواروں کو ترقیاتی فنڈز فراہم کرنا پری پول ریگنگ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ہٹ دھرمی کا رویہ چھوڑ دے اور پاکستان کے خلاف سازشوں سے باز آ جائے۔ قصور کے واقعہ سے دنیا بھر میں پاکستان کی جگ ہنسائی ہوئی ہے۔ معاشرے کو اخلاقی انحطاط سے بچانا بھی ریاست کی ذمہ داری ہے۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ چیف جسٹس آف پاکستان اپنی ریٹائرمنٹ سے پہلے قصور کے المناک واقعہ کا از خود نوٹس لیں۔ عرب ممالک اپنے مسائل میں الجھے ہوئے ہیں اس لئے مسئلہ فلسطین پس منظر میں چلا گیا ہے۔ اقوام متحدہ کشمیر اور فلسطین میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔ الطاف حسین کے خلاف عملی کارروائی نہ ہونا حکومت کی نا اہلی ہے۔








