تقسیم در تقسیم رہے تو اسلام دشمن قوتیں مسلط رہیں گی، علامہ عارف واحدی
شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے کہا ہے کہ قائد شہید عارف حسین الحسینی نے جہاں مثبت سوچ کی بنیاد رکھی وہیں افراتفری کے دور میں دینی اقدار کو اجاگر کرنے کیلئے بڑا کردار ادا کیا، اب وقت آگیا ہے کہ امہ مشترکات کو فروغ دیتے ہوئے باہم متحد ہو جائے، تاکہ استعماری و سامراجی قوتوں کی سازشوں کو ناکام بنایا جاسکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جعفریہ اسٹوڈٹنس پاکستان کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ علامہ عارف حسین واحدی کا کہنا تھا کہ قائد شہید علامہ عارف حسین الحسینی نے وطن عزیز میں ایک مثبت سوچ کی بنیاد رکھی، اپنی ملت کو حقوق کے تحفظ کیلئے سیاسی میدان میں لانے کیلئے جدوجہد کی اور افراتفری کے دور میں جہاں انہوں نے دینی اقدار کو اجاگر کرنے کیلئے ایک بڑا کردار ادا کیا، وہیں سیاسی حوالے سے ایک جدید سوچ و فکر بھی مہیا کی۔ علامہ عارف واحدی کا مزید کہنا تھا کہ قائد شہید نے قوم کو عالمی سامراجی قوتوں کی سازشوں سے آگاہ کرتے ہوئے اور امت مسلمہ کو متنبہ کرتے ہوئے پیغام دیا تھا کہ اگر ہم اسی طرح گروہوں میں تقسیم در تقسیم رہے تو اسلام دشمن قوتیں ہمیشہ مسلم امہ پر مسلط رہیں گی جبکہ دوسری صورت میں اسی تقسیم کی بناء پر امت مسلمہ اپنی عظمت کھو بیٹھے گی۔
انہوں نے کہا کہ قائد شہید اکثر اوقات کہا کرتے تھے کہ ہم پاکستان سے تعلق رکھتے ہیں تو ہماری ذمہ داری ہے کہ وطن عزیز میں سیاسی اور معاشی استحکام کیلئے جدوجہد کریں، دوسری طرف امت مسلمہ کا ایک مؤثر حصہ ہونے کے ناطے ہماری ذمہ داری بنتی ہے کہ اس امت کے خلاف ہر سازش کو ناکام بنانے میں اپنا اہم کردار ادا کریں۔ علامہ عارف حسین واحدی نے ان کی شہادت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم ان کی شہادت کی مناسبت سے پوری ملت کو تعزیت پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قائد شہید کی فکر اور سوچ کو دشمن اسلام قوتیں اپنے ایجنڈے کے راستے میں رکاوٹ سمجھتی تھیں، اس لئے ان کو اپنے راستے سے ہٹانے کی کوشش کی گئی، مگر ہم اپنی ملت کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ اس شہید کا امت مسلمہ کو متحد و منظم کرنے کا مشن جاری ہے اور رہے گا، علامہ سید ساجد علی نقوی کی قیادت میں ہم اتحاد کا یہ پرچم لے کر آگے بڑھتے رہیں گے اور آج کے دن شہید کی روح سے تجدید عہد کرتے ہوئے یہ اعلان کرتے ہیں کہ انہی کی فکر اور بتائے ہوئے راستے کو ہم لے کر چلتے رہیں گے اور ان کی عظیم قربانی کو کبھی رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔








