عراق

عراقی فوج کی وسیع کارروائی، 200 دہشت گرد ہلاک

عراق کے ادارہ انسداد دہشت گردی نے اعلان کیا ہے کہ مغربی علاقوں میں دو سو دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔
عراقی ذرائع ابلاغ کے مطابق عراق کے انسداد دہشت گردی کے ادارے کے ترجمان سمیر الشویلی نے اعلان کیا ہے کہ الانبار یونیورسٹی کو داعش دہشت گردوں کے وجود سے پاک کئے جانے کی کارروائی میں دو سو دہشت گرد ہلاک کر دیئے گئے جن میں متعدد غیر ملکی عناصر بھی شامل رہے ہیں۔ سمیر الشویلی نے کہا کہ الانبار یونیورسٹی کو آزاد کرانے کے لئے پیچیدہ منصوبہ بندی کی گئی تھی اور اس سلسلے میں فوجی آپریشن بھی انتہائی مشکل لیکن اہمیت کا حامل تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس آپریشن میں دہشت گردوں کو بھاری نقصان پہنچا۔ دوسری جانب ایک باخبر عہدے دار کا کہنا ہے کہ عراقی فوج کے لڑاکا طیاروں نے الرمادی میں داعش سے وابستہ دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر بمباری کر کے خالد عبد شلال الشجیری نام کے ایک دہشت گرد سرغنہ اور اس کے دو ساتھیوں کو ہلاک کر دیا۔ عراق کے سیکورٹی اہلکاروں نے الرمادی یونیورسٹی، التامیم، البو ذیاب اور الصوفیہ علاقوں کو بھی دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرالیا جبکہ مختلف علاقوں میں سیکورٹی اہلکاروں کی پیش قدمی بدستور جاری ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button