ایران نے ثابت کر دیا کہ وہ عام تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کے حصول کی کوشش نہیں کر رہا آیت اللہ احمد خاتمی
تہران کے خطیب نماز جمعہ نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے مقدس نظام اور ایٹمی مسئلے میں آخری فیصلہ رہبر انقلاب اسلامی کا ہوتا ہے-
ایران کے دارالحکومت تہران کے خطیب نماز جمعہ آیت اللہ احمد خاتمی نے ایٹمی مذاکرات میں پیشرفت سے متعلق رہبر انقلاب اسلامی کے کردار کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ویانا ایٹمی مذاکرات میں ایران نے ثابت کر دیا کہ وہ عام تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کے حصول کی کوشش نہیں کر رہا ہے- تہران کے خطیب نماز جمعہ نے ایٹمی مسئلے کو قومی مسئلہ اور پوری قوم سے متعلق قرار دیا- آیت اللہ خاتمی نے بڑے شیطان امریکہ کی سازشوں کے مقابلے میں ملت ایران کی ہوشیاری پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ ملت ایران کے خلاف امریکہ کی رجزخوانی داخلی استعمال کے لئے ہے- تہران کے خطیب نماز جمعہ نے ایران کے خلاف فوجی آپشن میز پر ہونے کو قدیمی آپشن قرار دیا اور تاکید کی کہ ایران، جنگ نہیں کرنا چاہتا اور جنگ کی آگ بھی نہیں بھڑکانا چاہتا لیکن اگر انھوں نے کوئی غلطی کی تو ایران کی مسلح افواج منھ توڑ جواب دیں گی اور امریکیوں کو پچھتانے پر مجبور ہونا پڑے گا- تہران کے خطیب نماز جمعہ نے اس بات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ امریکہ مردہ آباد کا نعرہ جذباتی نہیں ہے، کہا کہ امریکہ، ملت ایران پر گذشتہ پچاس برسوں سے ظلم کر رہا ہے اور امریکہ کی یہ کارکردگی اس بات کا باعث بنی ہے کہ ایران میں یہ نعرہ مزید جوش و خروش اور مضبوطی سے لگایا جائے- آیت اللہ خاتمی نے یورپی وفود کے دورہ ایران کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ان وفود کے دورہ ایران سے پتہ چلتا ہے کہ مغرب کو ایران کی منڈی اور ذخائر کی ضرورت ہے- تہران کے خطیب نماز جمعہ نے اپنے بیانات کے آخری حصے میں شام اور یمن کے بحران اور ملت فلسطین پر صیہونیوں کے جرائم نیز بحرینی عوام پر ہونے والے مظالم کا ذمہ دار امریکہ کو قرار دیا اور کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران علاقے کی حق پسندانہ جد و جہد کی حمایت کرتا ہے-