یمن

سعودی جارحیت، عوامی فورس کی جوابی کارروائی

یمن کی عوامی رضاکار فورس کے اہلکاروں نے سعودی عرب کے حملوں کے خلاف جوابی کارروائی کرتے ہوئے سعودی عرب کی چھاؤنی پر حملہ کیا ہے۔
مندب پریس کی رپورٹ کے مطابق یمن کی عوامی رضاکار فورس کے اہلکاروں نے بدھ کے دن سعودی عرب کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی کئے جانے کے خلاف ردعمل ظاہر کرتے ہوئے یمن کے قریب واقع سعودی عرب کے سرحدی شہر نجران کی فوجی چھاؤنی پر کاتیوشا میزائل سے حملہ کیا۔ اس حملے میں سعودی عرب کا ایک فوجی ہلاک اور دو زخمی ہو گئے۔ یمن کی عوامی رضاکار فورس کے اہلکاروں نے سعودی عرب کے فوجیوں کا بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ باورد بھی مال غنیمت کے طور پر اپنے قبضے میں لے لیا۔ یمن میں جنگ سے متاثرہ افراد کی امداد کی غرض سے پچیس جولائی سے کی جانے والی جنگ بندی کی سعودی عرب نے خلاف ورزی کی جس کے بعد یمن کی عوامی فورس نے بھی سعودی عرب کے فوجیوں پر اپنے حملے دوبارہ شروع کر دیئے ہیں۔ یمن میں یہ تیسری جنگ بندی ہے جس کی سعودی عرب نے خلاف ورزی کی ہے۔ اس سے قبل وہ بارہ مئی اور دس جولائی کو ہونے والی جنگ بندی کی خلاف ورزی کر چکا ہے۔ سعودی عرب نے خطے کے چند عرب ممالک کے تعاون کے ساتھ مل کر چھبیس مارچ سے یمن پر وسیع حملے شروع کر رکھے ہیں اور ان حملوں میں یمن کے ہزاروں عام شہری شہید اور زخمی ہو چکے ہیں۔ جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں

متعلقہ مضامین

Back to top button