پاکستان

گلگت بلتستان میں نواز حکومت انتقامی سیاست پر اتر آئی ہے، علامہ ناصر عباس جعفری

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری نے اسلام آباد میں مرکزی رہنماؤں کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں نواز حکومت انتقامی سیاست پر اتر آئی ہے، ایم ڈبلیو ایم گلگت بلتستان کے سیکرٹری سیاسیات غلام عباس کی گرفتاری نواز لیگ کی انتقامی سیاست کا شاخسانہ ہے۔ سیکرٹری سیاسیات غلام عباس کی گرفتاری نواز لیگ کے وزیراعلٰی کے ایماء پر عمل میں لائی گئی ہے، ایم ڈبلیو ایم کو دیوار سے لگانے کی کوشش اور ایسے اقدامات پر نواز لیگ کو بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔ الیکشن کو ہائی جیک کرکے ہمارے مینڈیٹ پر شب خون مارنے کے بعد رہنماؤں کو ہراسان کیا جا رہا ہے، جسے ہم ہرگز قبول نہیں کرینگے۔

اجلاس میں صوبائی سیکرٹری سیاسیات غلام عباس کی گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے نواز لیگ کی انتقامی کارروائی قرار دیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ ناصر عباس کا کہنا تھا کہ ہم عدم تشدد اور رواداری کی سیاست کے حامی ہیں جبکہ نون لیگ کا وطیرہ ہے کہ وہ پولیس اور قومی اداروں کے ذمہ داروں کو اپنا ملازم سمجھ کر سیاسی مخالفین کے خلاف استعمال کرتی ہے۔ پاکستان دشمن خطرناک دہشت گردوں کو جیل سے فرار کرانے میں انہی کی کٹھ پتلی نگران حکومت نے کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں ہم کسی کی من مانی نہیں چلنے دینگے اور اس غیر اخلاقی، غیر جمہوری اور غیر انسانی عمل کیخلاف خاموش نہیں رہیں گے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ علامہ ناصر عباس جعفری دیگر مرکزی رہنماؤں کے ہمراہ انہی دنوں میں گلگت بلتستان کا ہنگامی دورہ بھی کرینگے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button