عراق

بغداد میں کار بم دھماکے دسیوں افراد جاں بحق اور زخمی

عراق کے دارالحکومت بغداد میں دو کار بم دھماکوں میں دسیوں افراد جاں بحق اور زخمی ہو گئے ہیں۔
فرانس پریس کی رپورٹ کے مطابق عراق کے سیکورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ منگل کے دن بغداد میں شیعہ آبادی والے علاقے میں دو کار بم دھماکے ہوئے۔ ان کار بم دھماکوں میں کم از کم انیس افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ پہلا کار بم دھماکہ الجدیدہ کے تجارتی مرکز میں ہوا ۔ اس کار بم دھماکے میں سترہ افراد جاں بحق اور تینتالیس زخمی ہو گئے۔ عراقی ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والوں کی اکثریت عام شہریوں کی ہے۔ دوسرا کار بم دھماکہ جنوبی بغداد میں واقع زعفرانیہ کے علاقے میں ہوا ۔ اس کار بم دھماکے میں دو افراد جاں بحق اور نو زخمی ہوئے ہیں۔ دوسری جانب عراقی فوجیوں نے دہشت گرد گروہ داعش کے عناصر کے ساتھ جھڑپوں کے بعد رمادی شہر کے شمالی مشرقی علاقوں الحامضیہ اور البوعیثہ کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرا لیا ہے۔ مشرقی حصیبہ اور رمادی کے مختلف مشرقی علاقوں میں دہشت گرد گروہ داعش کے ستّر عناصر ہلاک ہو گئے ہیں۔ فلوجہ میں دہشت گرد گروہ داعش کے عناصر کے ٹھکانوں پر عراقی فضائیہ کی بمباری میں بھی ستائیس دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں۔ دریں اثنا عراقی لڑاکا طیاروں نے بیجی کے شمال میں الازرکیہ کے علاقے پر بمباری کر کے بم بنانے کا ایک کارخانہ تباہ کر دیا ہے۔ اس بمباری میں متعدد دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button