سعودی عرب کے شہر نجران میں آزادی کے حق میں مظاہرہ ہوا ہے-
فارس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے صوبہ نجران کے صدر مقام شہر نجران میں اتوار کی شام لوگوں نے مظاہرہ کیا اور نجران کی آزادی کے حق میں نعرے لگائے- رپورٹ کے مطابق نجران کے شہری اور قبائل، سبھی سعودی حکومت کے تسلط سے آزادی اور نجات کے اپنے فیصلے پر قائم ہیں- مظاہرین کے ہاتھوں میں ایسے پلے کارڈ موجود تھے جن پر یمن پر سعودی جارحیت کی مذمت میں نعرے لکھے ہوئے تھے- مظاہرین کا کہنا تھا کہ یمنی شہری گزشتہ تین ماہ سے خونزیز جارحیت کا سامنا کر رہے ہیں اور آل سعود ان پر کوئی بھی ظلم و ستم کرنے سے دریغ نہیں کر رہی ہے- اس مظاہرے میں شریک ایک سماجی کارکن یاسین طلال نے کہا کہ نجران کے شہریوں نے جیزان کے عوام سے آل سعود کی جارحیت کے خلاف اٹھ کھڑے ہونے کی ایک اپیل کی- نجران کے شہریوں نے سعودی جارحیت کے جواب میں جیزان میں سعودی فوجی ٹھکانوں پر حملے کئے جانے کی ضرورت پر زور دیا- قابل ذکر ہے کہ یمن کے تین صوبوں عسیر، نجران اور جیزان پر ایک عرصے سے سعودی عرب نے قبضہ کر رکھا ہے اور اس نے ان تینوں صوبوں کو اپنی سرزمین کا حصہ بھی بنالیا ہے- سعودی عرب نے صرف اسی پر اکتفا نہیں کیا بلکہ وہ، یمن کے سب سے بڑے صوبے حضرموت پر بھی قبضے کی سازشیں کرتا رہا ہے-