پاکستان

سنی اتحاد کونسل 12 جون کو برما کے مسلمانوں کیساتھ یکجہتی کا دن منائے گی

سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے اعلان کیا ہے کہ 12 جون کو برما کے مظلوم مسلمانوں سے یکجہتی کا دن منایا جائے گا۔ اس سلسلہ میں ملک بھر جمعہ کے اجتماعات میں روہنگیا مسلمانوں پر ہونیوالے ظلم و ستم کے خلاف مذمتی قراردادیں منظور کی جائیں گی اور علماء کرام برما کے مسلمانوں کی حالت زار کو موضوع خطاب بنائیں گے۔ اس بات کا اعلان انہوں نے سنی اتحاد کونسل کے مرکزی و صوبائی عہدیداران کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ برما کے مسلمانوں پر مظالم بدترین دہشت گردی ہے۔ برما کے مسلمانوں کی حالت زار پر اقوام متحدہ کی خاموشی مجرمانہ ہے۔ برما کی حکومت پر دباؤ بڑھانے سے مسئلہ حل ہو سکتا ہے۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ کراچی میں پانی کا بحران خطرے کے سارے سرخ نشان عبور کر رہا ہے۔ اہل کراچی کو پانی اور امن کب ملے گا۔ مودی نے پاکستان توڑنے کی سازشوں کا اعتراف جرم کر لیا ہے۔ حکومت بھارتی وزیراعظم کے پاکستان دشمن بیان کا مسئلہ سلامتی کونسل میں اٹھائے۔ جنوبی پنجاب سے سوتیلی ماں کا سلوک کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال لمحہ فکریہ ہے۔ غیر ملکی ٹکڑوں پر پلنے والے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن تیز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ٹیکس نیٹ میں اضافہ نہیں کر سکی۔ پاکستان میں صرف آٹھ لاکھ افراد ٹیکس دیتے ہیں جبکہ حکومتی ریکارڈ کے مطابق تیس لاکھ افراد کو ٹیکس دینا چاہیئے۔ برما کے مسلمانوں پر عرصہ حیات تنگ کر دیا گیا ہے اور وہ برما سے بے دخل ہو کر در بدر ٹھوکریں کھا رہے ہیں۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مطالبہ کیا کہ اردو کو سرکاری زبان کے طور پر نافذ کیا جائے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button