پاکستان

آئی ٹی پی نے گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کے انتخابی نتائج کو تسلیم کر لیا

اسلامی تحریک پاکستان نے گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی انتخابات کے نتائج کو تسلیم کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ الیکشن سے مطمئن ہیں۔ وہ کامیاب الیکشن پر ضلعی انتظامیہ اور الیکشن کمیشن کو مبارک باد پیش کرتے ہیں اور عوام نے اس الیکشن میں امن، رواداری اور اتحاد بین المسلمین کی فضاء کو برقرار رکھا ہے۔ گلگت پریس کلب میں پاکستان اسلامی تحریک کے رہنماء علامہ شبیر میثمی، علامہ عارف واحدی اور دیگر رہنماوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا پیغام محبت اور اتحاد بین المسلمین کو برقرار رکھنا ہے اور آئندہ بھی اتحاد بین المسلمین کی اس فضاء کو برقرار رکھا جائے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ قانون ساز اسمبلی کے الیکشن میں تحفظات بھی ہیں۔ روندو میں ضلعی انتظامیہ نے جس طرح حالات پیدا کئے، اس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے ہمارے کارکنوں کو تشدد کا نشانہ بنایا ہے۔ رات کی تاریکی میں دھاندلی کرنے کی کوشش کی گئی، ہمارے حلقوں کی نتایج روک لے گئے۔ اس واقعے پر الیکشن کمیشن کو نوٹس لینا چاہیے۔

اُنہوں نے کہا کہ ہم نے جمہوری طریقے سے رزلٹ کو تسیلم کیا ہے اور آئندہ بھی جمہوری طریقے سے چلیں گے۔ ہم پرامن لوگ ہیں اور لوگوں کو ساتھ ملا کر چلیں گے۔ یہ الیکشن صاف شفاف طریقے سے ہوئے ہیں، راتوں رات گھر گھر پیسے تقسیم کئے گئے۔ اس کے باوجود 2 سیٹ جیتنا ہماری بڑی کامیابی ہے۔ امید ہے کہ مسلم لیگ (ن) اپنے اعلانات پر عمل درآمد کریگی۔ ماضی میں ہمارے اوپر پابندی لگا دی گئی، جس کے سبب ہماری سرگرمیاں معطل رہی، جو کہ ہماری کمپین پر اثرانداز ہوا، اس کے باوجود ہم نے اچھی کمپین چلائی اور آئندہ اس سے بہتر کارکردگی دکھانے میں اپنا کردار ادا کرینگے۔ اُنہوں نے کہا کہ اگر مسلم لیگ (ن) نے اقتدار کے لئے دعوت دی تو پارلیمارنی کمیٹی جو فیصلہ کریگی اُس پر عمل کیا جائے گا۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ ملک میں اس وقت نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد نہیں ہو رہا ہے۔ حکومت جلد از جلد ایکشن پلان پر عمل درآمد کرے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button