پاکستان

داعش مسلم امہ کیلئے سب سے بڑا خطرہ بن چکی ہے، صاحبزادہ حامد رضا

سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے گلگت روانگی سے قبل کونسل کے رہنماؤں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب میں شیعہ مسجد پر خودکش حملہ خطرناک رجحان کا عکاس ہے، داعش مسلم امہ کے لئے سب سے بڑا خطرہ بن چکی ہے، امت مسلمہ کو داعش کے خلاف متحد ہونا ہوگا، مسلک کے اختلافات کی بنیاد پر خون ریزی کرنے والے اسلام کے دشمن ہیں اور اسلام دشمن طاقتوں کے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فرقہ وارانہ انتہا پسندی عالم اسلام کے لئے زہر قاتل بن چکی ہے، یمن جنگ کا خاتمہ امت مسلمہ کے مفاد میں ہے، اسلامی ممالک باہمی لڑائیوں کی وجہ سے مذاق بنے ہوئے ہیں، فرقہ وارانہ اختلافات کو قتل و غارت گری میں بدلنا استعماری طاقتوں کی گریٹ گیم کا حصہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بجٹ سے پہلے ملک میں مہنگائی کا طوفان حکومتی نااہلی کا نتیجہ ہے، حکومت بجلی کی قیمتوں میں اضافے سے باز رہے، اقوام متحدہ بھارتی دھمکیوں کا نوٹس لے، مہنگائی ختم کرنے میں ناکام حکومت کو اقتدار میں رہنے کا کوئی حق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے طوفان نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، اور لوڈشیڈنگ نے کاروبار زندگی معطل کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اتحاد بین المسلمین ہی عالم اسلام کی بقا اور استحکام کی ضمانت ہے، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کا ظلم بڑھنے سے وادی میں پاکستانی پرچم لہرانے کی تحریک بڑھ رہی ہے، جو بھارتی مظالم کے خلاف واضح ریفرنڈم ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button