پاکستان

شہروں میں دہشت گردوں کیخلاف کارروائی کیلئے سیاسی فیصلوں کا وقت آگیا، جنرل راحیل

پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ شہروں میں دہشت گردوں کیخلاف کارروائی کیلئے سیاسی فیصلوں کا وقت آگیا ہے ، پاکستان کو لاحق پیچیدہ اور کثیر الجہتی خطرات سے روایتی انداز میں نمٹنا آسان نہیں، جنگیں صرف فوج نہیں لڑتی ، قوم کو متحد ہونا پڑے گا، دہشت گردوں کے خلاف جنگ آئندہ آنے والی نسلوں کو محفوظ بنانے کے لئے لڑی جارہی ہے، پرُامن اور محفوظ پاکستان ہی خوشحال پاکستان کی ضمانت ہے، آپریشن ضرب عضب کی کامیابی سے شہری علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کی راہ ہموار ہوگئی ۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کو کوئٹہ کے اسٹاف اینڈ کمانڈ کالج کے دورے کے دوران فوجیوں سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف جنگ آئندہ آنے والی نسلوں کو محفوظ بنانے کےلئے لڑی جارہی ہے پرامن اور محفوظ پاکستان ہی خوشحال پاکستان کی ضمانت ہے ، آپریشن ضرب عضب کی کامیابی سے شہری علاقوں میں دہشت گردوں کیخلاف فیصلہ کن کارروائی کی راہ ہموار ہو گئی ہے اور وقت آگیا ہے کہ شہروں میں دہشت گردوں کیخلاف کارروائی کیلئے سیاسی فیصلے کئے جائیں، دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں مکمل کامیابی کے لئے قوم کا تعاون نہایت ضروری ہے۔ جنرل راحیل شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے حقیقی اور پائیدار اختتام کےلئے سیاسی قبولیت کا ماحول بن رہا ہے ،جنگیں صرف فوج ہی نہیں لڑتی قوموں کے تعاون کی بھی ضرورت ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب میں شاندار کامیابیاں ملیں ہیں، روایتی طریقے سے ملک کو درپیش خطرات سے نمٹا نہیں جاسکتا ضرب عضب کے بعد دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کےلئے سیاسی ماحول بن رہا ہے۔ قبل ازیں کوئٹہ اسٹاف کالج پہنچنے پر جنرل راحیل شریف کا شاندار استقبال کیاگیا۔ اس موقع پر انہوں نے ضرب عضب میں شریک کمانڈرز سے بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں کے بارے میں معلومات حاصل کیں ۔

متعلقہ مضامین

Back to top button