یمن

نجات بحری جہاز عدن بندرگاہ پہنچ گیا

یمن کے لئے ایران امدادی بحری جہاز نجات، عدن بندرگاہ پہنچ گیا ہے۔

ایرانی بحری جہاز نجات کے کیپٹن نے کہا ہے کہ یہ جہاز اس وقت عدن بندرگاہ پہنچ گیا ہے اور اب جنوبی یمن کے سواحل سے گذرتا ہوا اپنے مقصد الحدیدہ بندرگاہ کی طرف رواں دواں ہے۔ نجات بحری جہاز کے کیپٹن مسعود قاضی میر سعید نے بدھ کے روز نجات جہاز میں موجود ارنا کے نامہ نگار کے ساتھ گفتگو میں کہا کہ ہم اس وقت عدن بندرگاہ سے گذر رہے ہیں اور باب المندب کی سمت جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹکنیکل وجوہات اور آبنائے باب المندب کے نزدیک پانی کا درجہ حرارت بڑھ جانے کے سبب، جہاز کی رفتار سست ہوگئی ہے اور اسی سبب سے اصلی مقصد تک پہنچنے میں کچھ تاخیر ہوئی ہے۔ واضح رہے کہ یمن کے لئے امدادی سامان لے جانے والے ایرانی بحری جہاز میں ڈھائی ہزار ٹن امدادی سامان ہے جس میں بارہ سو ٹن چاول، سات سو ٹن آٹا، چار سو ٹن ڈبہ بند غذائیں، پچاس ٹن دوائیں اور میڈیکل سامان، پچاس ٹن منرل واٹر، دو ہزار کمبل، ایک ہزار خیمے اور کچن کا سامان شامل ہے۔ اس بحری جہاز پر ساٹھ مسافر بھی ہیں جن میں پندرہ افراد کا تعلق طبی عملے اور ہلال احمر کمیٹی سے ہے، جبکہ بیس صحافی اور امن پسند بین الاقوامی شخصیتیں، پانچ محافظ اور بیس دوسرے ملازمین ہیں۔ یہ بحری جہاز ایران کے ساحلی شہر بندر عباس سے روانہ ہوا ہے اور یمن کی الحدیدہ بندرگاہ کی جانب رواں دواں ہے۔ کیپٹن "مسعود قاضی میر سعید” نے کہا کہ اگر موسم اور تکنیکی اعتبار سے کوئی مشکل پیش نہ آئی تو آئندہ چند گھنٹوں میں ہم انٹر نیشنل کوریڈور سے نکل کر کل صبح آبنائے باب المندب میں داخل ہوجائیں گے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button