آیة اللہ شیخ باقر النمر کی پھانسی کے اعلان کے خلاف نئی دہلی میں سعودی سفارتخانے پر احتجاج
مجلس علماء ہند اور اہل بیت اسمبلی ہندوستان کے زیر اہتمام آیة اللہ شیخ باقر النمر کی سزائے موت کے اعلان کے خلاف دہلی میں سعودی سفارتخانہ پر ایک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ سعودی عرب میں سالہا سال سے مذہبی اقلیتوں خصوصاً اہل تشیع کے ساتھ حکومت کی جانب سے جاری امتیازی سلوک، تحقیر، ظلم، ستم اور جابرانہ رویہ، سماجی ناانصافی اور زیادتیوں کے خلاف آواز اٹھانے والے رہنما آیة اللہ شیخ باقر النمر کی مسلسل قید و بند اور سزائے موت کے غیر منصفانہ فیصلہ اور پھانسی کے اعلان کے خلاف یہ احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، اس مظاہرے کے ذریعہ سعودی حکومت کو یہ اس بات سے آگاہ کیا گیا کہ سعودی حکومت کے اپنے ملک کے عوام اور اقلیتوں کے خلاف ظلم و زیادتی کے رویہ کو دنیا جانتی ہے۔ اس احتجاج کے ذریعہ سعودی حکومت سے میمورنڈم کے ذریعہ مندرجہ ذیل مطالبات کئے گئے، عدل و انصاف کے لئے آواز بلند کرنے والے سعودی شہری اور شیعہ عالم دین آیة اللہ نمر باقر النمر کی سزائے موت کے حکم کو فوری کالعدم قرار دیا جائے، کئی سال سے قید میں زندگی گزار رہے اس عالم دین کو بلا قید و شرط فوراً رہا کیا جائے، سعودی حکومت آیة اللہ نمر باقر النمر کے جائز اور انسانی حقوق پر مبنی مطالبات کو فورا تسلیم کرتے ہوئے شیعوں سے امتیازی سلوک کا خاتمہ کرے، مملکت سعودیہ میں شیعہ اقلیت کے تمام انسانی اور شہری حقوق کو بحال کیا جائے، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ قوموں کی عزت و آزادی اور دین و شریعت کیلئے کی جانے والی کوششوں جیسے بحرین اور یمنی عوام کے حق خود ارادیت کی راہ میں سعودی حکومت مداخلت سے باز آئے۔
میمورنڈم میں مزید مطالبہ کیا گیا کہ مملکت سعودی یمن میں جاری ظلم و بربریت اور جارحانہ حملوں کو فوراً بند کرے، یمن کے بے گناہ بچوں، عورتوں اور مظلوموں پر ظلم و ستم کو فوراً بند کیا جائے اور وہاں امدای سامان اور راحت رسانی کے کاموں کو فوراً شروع کیا جائے، یمن کے بنیادی اسٹرکچر اور تباہ شدہ آبادیوں اور مکانات کی تعمیر نو کیلئے سعودی مملکت یمن کو جنگی تاوان کی صورت میں فنڈز فراہم کرے، اس موقع پر مولانا شیخ محمد عسکری، محمد یونس صدیقی ،مولانا عابد عباس زیدی اور مولانا مرزا عمران علی، مولانا قاسم زیدی، ابن علی سرکار مہدی
اظہر عباس نے حاضرین سے خطاب کیا، مولانا جنان اصغر مولائی نے میمورنڈم پڑھ کر مظاہرین کے مطالبات پیش کئے، آخر میں مولانا جلال حیدر نقوی نے پولیس انتظامیہ کے تعاون اور مظاہرے میں شریک افراد کا شکریہ ادا کیا جبکہ مولانا شیخ محمد عسکری نے سعودی سفارت خانے کے نمائندہ کو میمورنڈم پیش کیا۔