پاکستان

عسکری قیادت نے ملک میں دہشتگردی کے واقعات میں ’’را‘‘ کے ملوث ہونے کا نوٹس لے لیا

عسکری قیادت نے ملک میں دہشت گردی کے واقعات میں بھارتی خفیہ ایجنسی را کے ملوث ہونے کا نوٹس لے لیا۔ پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ کے مطابق جی ایچ کیو راولپنڈی میں ہونے والی کور کمانڈرز کانفرنس میں عسکری قیادت نے دہشت گردی کے واقعات میں بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ کے ملوث ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے انٹیلی جنس کی بنیاد پر مجرموں، دہشت گردوں اور ان کے مددگاروں کے خلاف آپریشن تیز کرنے کی ہدایت کی۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ کورکمانڈر کانفرنس میں کہا گیا کہ دہشت گردوں اور مجرموں کے خلاف کارروائی بلا امتیاز اور غیر سیاسی ہے جبکہ کانفرنس میں عسکری قیادت نے ملک کے مختلف حصوں اور فاٹا میں چھپے دہشت گردوں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری رکھنے پر بھی زور دیا۔ کانفرنس کے دوران آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں اور انتہا پسندوں کے ہاتھوں ہمارے بچوں سمیت ہزاروں پاکستانی شہید ہو چکے ہیں، دہشت گردی سے پاک پاکستان اب ایک قومی عزم ہے، جنرل راحیل شریف نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب نے دہشت گردوں کو شدید نقصان پہنچایا جب کہ سیکیورٹی اداروں کی قربانیوں کو ضائع نہیں ہونے دیں گے، اس جنگ کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے اور پاکستان، عوام، مسلح افواج کی عزت و وقار کا ہر قیمت پر تحفظ کریں گے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button