دنیا

امریکہ میں سیاہ فام مظاہرین کی کامیابی

امریکہ میں سفید فام پولیس افسروں کے نسلی امتیاز کے خلاف سیاہ فام شہریوں کی جانب سے استقامت کا مظاہرہ کامیاب ہوگیا-
ذرائع کے مطابق بالٹی مور میں پولیس حراست میں سیاہ فام نوجوان کی ہلاکت کے خلاف احتجاج بالاخر رنگ لے آیا اور قتل میں ملوث چھ پولیس اہل کاروں پر فرد جرم عائد کردی گئی- سیاہ فام نوجوان کے قتل میں ملوث اہلکاروں کے خلاف کاروائی پر بالٹی مور کے شہری خوش نظر آئے اور مظاہرین نے سڑکوں پر نکل کر خوشی کا اظہار کیا- بالٹی مور کے چیف پراسیکیوٹر نے اعلان کیا ہے کہ فریڈی گرے کی گرفتاری میں ملوث پولیس افسران پر مجرمانہ الزامات کی، کئی ممکنہ وجوہات ہیں اور میڈیکل ایگزامنر کے مطابق سیاہ فام امریکی شہری کی موت، پولیس حراست میں واقع ہوئی، جو قتل کے مترادف ہے۔ ریاست کے اٹارنی نے میڈیا سے خطاب میں کہا کہ فریڈی گرے کو، پولیس وین میں لے جاتے ہوئے سیٹ بیلٹ سے نہیں باندھا گیا۔ وہ طبی امداد کے لیے پکارتا رہا لیکن متعلقہ افسر نے اسے کوئی طبی امداد فراہم نہیں کی۔ قابل ذکر ہے کہ سیاہ فام نوجوان کی ہلاکت کے بعد بالٹی مور میں ہنگامے پھوٹ پڑے تھے، جس کے بعد پولیس نے شہر میں رات کا کرفیو لگا دیا تھا جو آئندہ کئی دنوں تک جاری رکھنے کا اعلان کیا گیا تھا- امریکی شہر بالٹی مور میں سیاہ فام نوجوان کے قتل کے خلاف فلاڈیلفیا میں ہونے والے احتجاج کے دوران پولیس اور مظاہرین کے درمیان شدید جھڑپیں بھی ہوئیں- بالٹی مور میں مظاہرین نے پولیس مظالم کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی، جبکہ فلاڈیلفیا میں بھی متاثرہ خاندان سے اظہار یکجہتی کے لیے سیکڑوں افراد سڑکوں پر نکل آئے- اس سے قبل امریکی شہر فرگیوسن میں بھی ایک سفید فام امریکی پولیس افسر کے ہاتھوں ایک سیاہ فام شہری کی، ہونے والی ہلاکت کی وجہ سے امریکہ کے مختلف شہروں میں وسیع پیمانے پر احتجاج کیا گیا تھا- امریکی سیاہ فام شہریوں میں اس وقت غم و غصے کی لہر دوڑ گئی تھی جب پولیس تشدد کے نتیجے میں ایک سیاہ فام شہری کی ہلاکت کے باوجود امریکی عدالت نے سفید فام قاتل پولیس افسر کو بےقصور قرار دیتے ہوئے اسے بری کردیا تھا- انسانی حقوق کا سب سے زیادہ دم بھرنے والے ملک امریکہ میں نسلی امتیاز اور پولیس تشدد کے واقعات کا سلسلہ بڑھتا ہی جا رہا ہے- جمہوریت کے دعویدار ملک امریکہ میں سیاہ فام شہریوں نے بارہا اعلان کیا ہے کہ وہ امریکہ میں خود کو غیر محفوظ سمجھتے ہیں اور حکومت، سفید فام پولیس اہلکاروں کو سیاہ فام امریکی شہریوں کے خلاف تشدد کا سلسلہ روکنے میں ناکام رہی ہے- امریکہ میں اس قسم کے واقعات کا سلسلہ، ایسی حالت میں جاری ہے کہ یہ ملک، جمہوریت و انسانی حقوق کے مسائل کو سیاسی طور پر استعمال کرکے دنیا کے مختلف ملکوں پر انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا الزام لگاتا رہتا ہے اور ان مسائل کے بہانے مختلف ملکوں کے داخلی امور میں مداخلت کرتا ہے-

متعلقہ مضامین

Back to top button