عراق

ڈاکٹر علامہ شفقت شیرازی کی سربراہی میں ایم ڈبلیو ایم کے وفد کی عراقی پارلیمنٹ کے ڈپٹی اسپیکر سے ملاقات

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے وفد نے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل و خارجہ امور کے سربراہ ڈاکٹر علامہ شفقت حسین شیرازی کی سربراہی میں عراقی پارلیمینٹ کے ڈپٹی اسپیکر ڈاکٹر شیخ حمام حمودی سے ملاقات کی ہے۔ نجف اشرف (عراق) میں ہونے والی اس ملاقات میں دونوں رہنماوں کے درمیان خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر بات چیت ہوئی، یمن میں سعودی جارحیت پر تشویش ظاہر کی گئی اور اس جارحیت کو یمنی عوام کے ارادوں پر حملے کے مترادف سمجھا گیا۔ علاوہ ازیں ایم ڈبلیو ایم کے خارجہ امور کے سربراہ نے شیخ حمام حمودی کو پاکستان میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی فعالیت اور کردار کی تفاصیل بتاتے ہوئے کہا کہ ملت پاکستان اس وقت بیدار ہے اور دشمنوں کے مقابلے میں باہمی وحدت کے ساتھ کھڑی ہے، آج پاکستان میں شیعہ سنی ایک ہی پلیٹ فارم پر نظر آتے ہیں، جس کی وجہ سے پاکستان میں ہونے والے فیصلوں پر اثر ہوتا ہے۔ جس کی مثال حالیہ سعودی عرب کی فوج طلبی پر پاکستانی پارلیمنٹ کی ثالثی کی قرارداد ہے۔ اب حکمران اپنی مرضی اور ذاتی تعلقات کی بنا پر پاکستان کے مستقبل کے فیصلے نہیں کرسکتے۔ عراقی پارلیمنٹ کے ڈپٹی اسپیکر نے اس قراداد کو سراہا، خوش آئند قرار دیا اور ایم ڈبلیو ایم کے کردار کو سراہاتے ہوئے کہا کہ دنیا اس وقت تبدیلی کے موڑ پر ہے، لہذا پاکستان میں بھی تبدیلی کے خواہاں طبقات کو یکجا ہو کر کام کرنا چاہیے۔ ملاقات میں ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات ناصر عباس شیرازی و دیگر بھی موجود تھے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button