حزب اللہ کی یمن پر سعودی جارحیت کی مذمت اور یمنی عوام کے انتخاب کی حمایت
لبنان کی نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق حزب اللہ کے ڈپٹی سکریٹری جنرل شیخ نعیم قاسم نے بیروت میں ایک پروگرام میں کہا کہ حزب اللہ اور المستقبل دھڑے کے درمیان مذاکرات جاری رہنے میں رکاوٹیں کھڑی کئے جانے کے باوجود یہ مذاکرات کشیدگی میں کمی لانے، ملک کو مستحکم کرنے اور قومی مفادات کے لئے ضروری ہیں۔ شیخ نعیم قاسم نے کہا کہ لبنان کی نیشنل فریڈم پارٹی کے سربراہ میشل عون صدر کے عہدے کے لئے شائتسہ فرد ہیں جبکہ دیگر گروہ اس انتخاب کے لئے اغیار سے فرمان حاصل کرنے کے منتظر ہیں۔ حزب اللہ کے اس عہدیدار نے اسی طرح یمن پر سعودی جارحیت کی مذمت کی اور کہا کہ وہ یمنی عوام کے انتخاب کی حمایت کرتے ہیں تا کہ وہ اپنے ملک کے بحران کے حل کے لئے داخلی مذاکرات کے ذریعے سیاسی راہ حل تک پہنچ سکیں۔ انہوں نے مزاحمتی طاقتوں، مستضعف قوموں اور حریت پسندوں کے لئے اسلامی جمہوریہ ایران کی حمایت کی تعریف کی اور کہا کہ ایران کا تعمیری کردار پورے علاقے میں فخر و مباہات اور سربلندی کا باعث ہے۔