پاکستان

یمن میں پاکستانی فوج بھیجنے کے فیصلے پر مزاحمت کی جائے گی، صاحبزادہ حامد رضا

سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے مشرق وسطٰی کی صورتحال پر سنی اتحاد کونسل کی کور کمیٹی کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شریف خاندان پر سعودی عرب کے احسانات کا قرض ریاست نہیں چکا سکتی، یمن میں فوج بھیجنے کے فیصلے پر مزاحمت کی جائے گی، پاکستانی حکومت پرائی جنگ میں کودنے سے گریز کرے، یمن کے مسئلے کو فرقہ واریت کا رنگ نہ دیا جائے، مسلم حکمران یمن کے بحران کے حل کے لئے مصالحتی کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے ڈیڑھ ارب ڈالر کے بدلے پاک فوج کو یمن بھیجنا ملک دشمنی ہے، نواز شریف سعودی احسانات کا بدلہ چکانے کے لئے ملک کی سلامتی داؤ پر نہ لگائیں۔ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ امریکہ مشرق وسطٰی میں بدامنی پھیلا کر اسرائیل کے عزائم پورے کرنا چاہتا ہے، یمن کا بحران شیعہ سنی کو لڑانے کی امریکی سازش ہے، پاکستان پرائی لڑائی لڑنے کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کے لئے آپریشن ضرب عضب دراصل ضرب غضب بن چکا ہے، حضور نبی اکرم ﷺ کی تلوار سے منسوب آپریشن ضرور کامیاب ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وزارت خارجہ کو بوڑھے مشیروں کے ذریعے چلایا جا رہا ہے، قوم کو حکمرانوں کے دعوے، وعدے اور نعرے نہیں بہلا سکتے، نالائق وزیروں کی چھٹی کروائی جائے، حکمران سعودی خوشنودی کے لئے ملکی مفاد قربان نہ کریں، پاکستان یمن بحران کے حل کیلئے سفارتی کردار ادا کرے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button