بدقسمتی ہے کہ تکفیری دہشتگرد اسلام کا نام استعمال کررہے ہیں، ممنون حسین

صدر پاکستان ممنون حسین نے علماء کرام اور مذہبی رہنماؤں سے ملاقات کے دوران کہا ہے کہ کچھ نادیدہ قوتیں معاشرے کو نقصان پہنچانے پر تلی ہوئی ہیں۔ یہ ہماری بدقسمتی ہے کہ دہشت گرد اسلام کا نام استعمال کررہے ہیں، اور انہوں نے نوجوانوں کو گمراہ کر کے غلط راستے پر ڈالا ہے۔ صدر پاکستان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں ہے۔ اس لیے انہیں شکست دینے کے لیے پوری قوم کو متحد ہونا ہو گا، تاکہ ہم اس منفی سوچ کو شکست فاش دے سکیں۔ انہوں نے علماء کرام اور مذہبی رہنماؤں سے درخواست کی کہ وہ مذہبی ہم آہنگی اور اخلاقی اقدار کی ترویج کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے معاشرتی برائیوں کے حوالے سے کہا ہے کہ ہمارے معاشرے میں اخلاقی اقدار کی کمزوری کی وجہ سے معاشرے میں رشوت جیسی برائیاں جنم لے رہی ہیں، جنہیں روکنے کے لیے ہر فرد کو اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔








