عراق: فوج کا البغدادی کے بیشتر علاقوں پر کنٹرول

عراقی فوج نے عوامی اور قبائلی فورس کی مدد سے صوبہ الانبار کے شہر البغدادی کے بیشتر علاقوں پر کنٹرول حاصل کرلیاہے۔
سحر عالمی نیٹ ورک کے مطابق عراق کی وزارت دفاع نے اپنے بیان میں کہا ہےکہ عراقی فوج نے صوبہ الانبار کے البغدادی شہر کے بیشتر حصوں کو داعش کے قبضے سے آزاد کرالیا ہے۔ عراق کی وزارت دفاع کے اعلان کے مطابق قبائلی اور عوامی رضاکار فورس کی مدد سے داعش دہشت گردوں کا البغدادی سے مکمل صفایا کرنے کی کاروائی شروع ہوگئی ہے۔ یہ کاروائی البغدادی شہر کے عوام کو امداد پہنچانے اور داعش کا محاصرہ توڑنے کی غرض سے فوج نے انجام دی ہے۔ عراقی وزارت دفاع نے اپنے بیان میں کہا ہےکہ بڑی تعداد میں داعش دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گيا ہے جبکہ البغدادی کے شہریوں کی اپنےگھروں کو واپسی کے لئےحالات سازگار بنانے کی غرض سے اقدامات شر وع کردیئے گئے ہیں۔ عراقی فوج نے اس کاروائی کے دوران ڈیڑھ سو کے قریب گھرانوں کو جو البغدادی میں دہشت گردوں کے محاصرے میں تھے رہا کروالیا ہے۔ عراق کی وزارت داخلہ نے بھی منگل کو اعلان کیا کہ البغدادی کےعلاقے میں عراقی کمانڈوز کے کامیاب آپریشن کے بعد علاقے کے عوام کو پینے کا صاف پانی مہیاکردیا گيا ہے۔








